لاہور (صابر شاہ) فیس بک کا برطانوی اکاؤنٹ ’کرکٹ کے شائق‘ نے ہیک کر کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر معروف نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم فیس بک کے برطانوی اکاؤنٹ کو غالباً جمعے کی شام ’کرکٹ سے محبت کرنے والے ہیکر‘ نے ہیک کرلیا جس نے لاکھوں سوشل میڈیا صارفین کو حیران و پریشان کرکے رکھ دیا۔ ہیکر نے ناصرف پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا بلکہ بھارت پر بھی زور دیا کہ وہ پاکستانی شائقین کے لیے ورلڈ کپ کے ویزے جاری کرے۔ بے شمار ناقابل فہم اور عجیب و غریب پوسٹس منظر عام پر آئیں جن سے لوگ حیران رہ گئے۔ ڈیلی میل کے مطابق ہیکر نے ورلڈ کپ کے انعقاد پر بھارتی اور بین الاقوامی کرکٹ کونسلوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔