کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)سورینج میں سڑک کنارے بم دھماکے میں پی ایم ڈی سی کا پروجیکٹ منیجر شہید اور ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا ، ریمورٹ کنٹرول بم سڑک کنارے نصب تھا، شبر مرزا مائنز کے معائنے کیلئے جا رہے تھے کہ دھماکہ ہو گیا پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے سورینج میں سڑک کے کنارے ریمورٹ کنٹرول بم نصب کیا تھا اتوار کی صبح پی ایم ڈی سی کا پروجیکٹ منیجر شبر مرزا اپنے ڈرائیور ذاکر کے ہمراہ گاڑی میں اپنی رہائش گاہ لیبر کالونی سے مائنز کے معائنے کیلئے جا رہا تھا کہ اسی دوران بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا ، گاڑی دھماکے کی زد میں آنے سے منیجر موقع پر ہی شہید جبکہ ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے لاش اور زخمی کو ایف سی ہسپتال کوئٹہ پہنچایا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔پولیس نے بتایا کہ دھماکے کے باعث گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔