کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ہاکی ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ نے کہا ہے کہ ایشین گیمز میں تجربے کی کمی کے باعث بڑے میچوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جنگ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ جاپان کے خلاف میچ میں گول کے کچھ مواقع ضائع ہونے کی وجہ سے ہم جیت نہیں سکے، ملائیشیا کی مضبوط ٹیم کو پانچویں پوزیشن کے میچ میں شکست دیناخوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایونٹ میں 43گول بنائے اور ہمارے خلاف 19گول بنے،مسنگ کی غلطیوں کو اولمپکس کوالیفائی راؤنڈ سے پہلے دور کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کوچنگ اسٹاف میں بار بار تبدیلی سے ٹیم کا ردھم متاثر ہوتا ہے، نیا کوچ اپنے انداز سے کوچنگ کرتا ہے جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کی پر فار منس متاثر ہوتی ہے،انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز سےوطن واپسی پر کھلاڑیوں کو ڈاٹسن ٹرک میں لے جانے کے بارے میں علم نہیں۔