• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی واپسی کا سفر شروع، لندن سے سعودی عرب پہنچ گئے

لاہور(جنگ نیوز، نمائندہ جنگ)سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کا سفر شروع ہوگیا، لندن سے سعودی عرب پہنچ گئے،دوسری جانب مریم نواز کا کہنا ہے کہ سارے تجربے فیل ہوگئے، تجربہ ایک ہی کامیاب رہا وہ ہے نوازشریف، نوازشریف قوم کو اچھے دِن پھر دکھائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی وطن واپسی کا سفر شروع ہوگیا، نواز شریف سعودی عرب روانگی کیلئے لندن کی ایوین فیلڈ رہائش گاہ سے ہیتھرو ائیرپورٹ پہنچے تو ایئرپورٹ پرپاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے نواز شریف کا استقبال کیا۔نواز شریف کو الوداع کہنے کیلئے ن لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد ایون فیلڈ کے باہر پہنچی۔سابق وزیراعظم سعودی عرب میں پانچ دن قیام کے بعد دبئی پہنچیں گے۔نوازشریف 21 ستمبر کو دبئی سے خصوصی طیارے میں پاکستان پہنچیں گے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ 2024 سے 2029 کے پانچ سال میں پاکستان کو معاشی طورپر ناقابل تسخیر بنائیں گے، عوام پریشان ہے، اسی لئے نوازشریف واپس آرہا ہے، اب پاکستان کی ترقی یقینی ہے کیونکہ نواز شریف واپس آرہا ہے۔ ن لیگ کے ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مشکلات سے کیسے نکلیں اس کا حل بتانے نوازشریف آ رہا ہے، دہشت گردی لوٹ آئی ہے، اسی لئے نوازشریف واپس آرہا ہے، نوجوان کو روزگار دینے والا نوازشریف واپس آرہا ہے۔کراچی سے افضل ندیم ڈوگر کے مطابق نواز شریف نے اپنے رفقا کے ہمراہ سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 116 سے سفر کیا۔مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجے جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچی۔ سعودی ایئر لائن نے اس پرواز کے لیے محض تین سال پرانا بوئنگ 787 ڈریم لائنر جدید طیارہ استعمال کیا۔ جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نواز شریف کا والہانہ استقبال کیا۔

اہم خبریں سے مزید