• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں جلد سی ٹائپ لائسنس کا اجرا کرینگے‘ پیٹرول افسر موٹروے پولیس

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں سڑک حادثات میں سالانہ 30ہزار جبکہ بلوچستان میں 8ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ،اوور اسپیڈنگ،خستہ حال سڑکیں، کم عمری میں ڈرائیونگ،اوور لوڈنگ سمیت مختلف وجوہات شاہراہوں پر حادثات کا باعث ہیں ۔موٹر وے پولیس جلد کوئٹہ سے بھی سی ٹائپ لائسنس کا اجراء کرے گی جو 80ممالک میں کارآمد ہوگا۔ان خیالات کا اظہار موٹر وے پولیس کے سینئر پیٹرول افسر محمدبشارت نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ میں روڈ سیفٹی سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی ،سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی ودیگر عہدیداران و ممبران نے شرکت کی انہوں نے کہا کہ موٹر وے پولیس پاکستان میں 1997جبکہ بلوچستان میں 2008ء سے خدمات انجام دے رہی ہے ہم کوئٹہ، مستونگ، قلات، قلعہ سیف اللہ،مسلم باغ،کھڈ کوچہ،بوستان ودیگر علاقوں میں قومی شاہراہوں پر فرائض انجام دے رہے ہیں موٹر وے کے ٹول فری نمبر130 پر کال کرنے والے کسی بھی شخص کی مدد کےلئے منٹوں میں پہنچتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سالانہ 30 ہزار سے زائد افراد سڑک حادثات میں لقمہ اجل بن رہے ہیں جن کی یومیہ اوسط 84 افراد بنتی ہے بلوچستان میں بھی سڑک حادثات سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہورہا ہے یہاں سالانہ 8ہزار سے زائد افراد سڑک حادثات کی وجہ سے ابدی نیند سو جاتے ہیں ،بلوچستان میں ہر گھنٹے میں ایک شخص سڑک حادثہ کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موٹر وے پولیس جلد کوئٹہ میں بھی سی ٹائپ لائسنس کے اجراء کا عمل شروع کرے گی جو 80 ممالک میں کارآمد ہوگا اور اس پر ایک سال تک بیرون ملک بھی ڈرائیونگ کی اجازت ہوگی ۔
کوئٹہ سے مزید