کراچی، لندن (نیوز ڈیسک، اے ایف پی) غزہ پر اسرائیلی حملوں کیخلاف دنیا بھر میں فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں ، احتجاجی مظاہرے ،مشرق وسطیٰ سے لیکر ایشیا ، یورپ ، امریکا اور مغربی ممالک میں بھی فلسطینیوں کے حق میں لاکھوں افراد کے احتجاجی مظاہرے، مغربی ممالک میں فلسطینیوں کے حق سب سے بڑی ریلی وسطی لندن میں بی بی سی کے براڈکاسٹنگ ہاؤس کے باہر سے نکالی گئی جس میں لاکھوں افراد شریک ہوئے ،ریلی وائٹ ہال تک نکالی گئی جس میں ہر عمر کے افراد اور بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد شامل رہی۔ریلی میں یہودیوں کا ایک گروہ بھی شامل رہا ۔ شرکا ء نے فلسطین کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے، ’آزاد فلسطین‘ کے نعرے لگائے گئے، مظاہرین نے ’’اسرائیل کو مسلح کرنا بند کرو ‘‘ کے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے ، ‘مظاہرین میں سے چند افراد نے بی بی سی کے دفتر پر سرخ رنگ سے پینٹ بھی کردیا جس کا مقصد اسرائیل کی سفاکانہ کارروائیوں کو اجاگر کرنا تھا تاہم برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں ، برطانوی پولیس نے ریلی کے اختتام پر 7مظاہرین کو گرفتار کرلیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ ان افراد نے ماسک ہٹانے سے انکار کیا جس پر انہیں حراست میں لیا گیا ہے ، برطانیہ کے دارالحکومت لندن ، مانچسٹر، لیورپول، برسٹول،کیمبرج، ناروچ، کوینٹری اور سوانسی اور دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں ، نیویارک سٹی میں بھی ہزاروں افراد’’ آزاد فلسطین‘‘ کے نام سے احتجاجی مارچ میں شریک ہوئے ۔ اٹلی کے دارالحکومت روم میں فلسطینیوں کے حق میں ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا جنہوں نے ایک طویل فلسطینی پرچم بھی اٹھا رکھا تھا ۔ ڈنمارک کے شہر برابانڈ اور برلن میں بھی فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ واضح رہے کہ جرمنی اور فرانس نے فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی مظاہروں پر پابندی عائد کررکھی ہے ۔ ترکیہ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، مظاہروں میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی گئی اور حماس کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا ۔ فلسطین کے مقبوضہ شہر نابلس میں ہزاروں نوجوان غزہ کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے جہاں فورسز اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔ اسرائیلی فورسز نے مظاہرین کو براہ راست فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔