• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی ٹیم تاریخ بدلنے میں ناکام، جیت بھارت کیلئے رسمی کارروائی، کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں 7 وکٹوں سے شکست

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ آئی سی سی ورلڈکپ کے اہم ترین میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف شرمناک انداز سے پسپا ہوگئی ۔ ٹورنامنٹ سے قبل پاکستانی بولنگ لائن کے بھی چرچے تھے لیکن بولرز چھوٹے اوورز کا دفاع نہ کرسکے، گرین شرٹس تاریخ بدلنے میں ناکام رہے، بھارت نے رسمی کارروائی کی طرح میچ 117گیندیں پہلے تین وکٹ گنواکر جیت لیا۔ یہ ورلڈکپ کے آٹھ میچز میں اس کی پاکستان کے خلاف آٹھویں اور موجودہ ورلڈکپ میں مسلسل تیسری کامیابی ہے۔بھارتی کپتان روہت شرما نے جارحانہ86 رنز بنائے۔پاکستانی ٹیم کا اگلا امتحان جمعے کو پانچ بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف بنگلورو میں ہوگا۔ بیٹنگ لائن نے اچھے آغاز کے بعد ایڈوانٹیج کھو دیا۔ ایک موقع پر155رنز پر پاکستان کے دو وکٹ گرے تھے۔پھر 36رنز پر8 وکٹ گنوانے کے بعد پاکستانی ٹیم42.5اوورز میں191رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں بھارتی پیسر فاسٹ بولر جسپریت بمرا نے سات اوورز میں19رنز دے کر محمد رضوان اور شاداب کی وکٹیں حاصل کیں ، انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس جیت کے ساتھ بھارتی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آگئی ہے۔ پاکستان تین میں دو میچ جیت کر ٹاپ فور میں موجود ہے۔ سوا لاکھ تماشائیوں کے سامنے دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم میں روہت شرما نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اوپنرز نے 8 اوورز میں 41 رنز کا آغاز فراہم کیا ، اسی اسکور پر محمد سراج کی گیند پر 24 گیندوں پر 20 رنز بنانے والے عبداللہ شفیق ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔ پانڈیا کو چوکا مارنے کے بعد اگلی گیند پر ڈرائیو کھیلنے کی کوشش میں امام الحق وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 36 رنز بنائے۔ محمد رضوان اننگز کے آغاز میں ہی رویندرا جدیجا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا لیکن پاکستان نے ریویو پر فیصلہ اپنے حق میں کرالیا۔ رضوان اور بابر نے 82 رنز کی شراکت قائم کی، کپتان بابر اعظم ففٹی مکمل کرتے ہی سراج کی گیند پر بولڈ ہوگئے، انہوں نے 58 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیلی یہی پاکستانی اننگز کا ٹرننگ پوائنٹ تھا۔ بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹیں پتوں کی طرح بکھرتی چلی گئیں۔ سعود شکیل 6 اور افتخار احمد 4 رنزبناکر پویلین لوٹ گئے۔ 168 پر محمد رضوان بھی 69 گیندوں پر 49 رنز بنا کر جسپریت بمراہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔171 کے مجموعے پر شاداب خان صرف 2 رن بنا کر چلتے بنے، محمد نواز 4، حسن علی 12 اور حارث 2 رنز آئوٹ ہوگئے۔ بھارت کے محمد سراج ، ہاردک پانڈیا، کلدیپ یادیو اور رویندرا جدیجا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارتی اننگز کا آغاز شبمن گل اور روہت شرما نے جارحانہ انداز اپنایا اور ابتدائی دو اوورز میں 22 رنز بنائے۔ تیسرے اوور میں شاہین نے شبمن گل کو آئوٹ کردیا۔ ویرات کوہلی بڑی باری نہ کھیل سکے اور 16رنز بناسکے۔

اہم خبریں سے مزید