راولپنڈی / کوئٹہ(نیوز ایجنسیاں)تربت کے علاقے کیچ میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اہم کارروائی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی عبدالمجید بریگیڈ کےاہم سرغنہ اور ساتھی کو ہلاک کردیا ،کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے، دہشتگرد صدام حسین مختلف علاقوں میں دہشتگردی کی 93 وارداتوں بشمول بارودی سرنگوں کے حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا ،تفصیلات کے مطابق بلوچ لبریشن آرمی کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران دہشتگرد صدام حسین کا ایک اور ساتھی دہشتگرد مقصود بھی مارا گیا ، دہشتگرد صدام حسین 2008 میں بلوچ لبریشن فرنٹ کاحصہ بنا،دہشتگرد صدام حسین نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کے استعمال اور بارودی سرنگیں نصب کرنے کی تربیت بلوچستان کے علاقے مشکے میں قائم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے دہشت گرد ٹریننگ کیمپ میں حاصل کی۔سال 2014میں دہشتگرد صدام حسین بلوچ لبریشن آرمی میں شامل ہوگیا جسے 2017ء میں ضلع کیچ میں خفیہ تربیتی کیمپ کا کمانڈر اور 2021ء میں اسے مقامی کمانڈر بنا دیا گیا۔ 2016سے اب تک دہشتگرد صدام حسین جنوبی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 93دہشت گردی کی وارداتوں بشمول گرنیڈ حملے، بارودی سرنگوں کے حملے اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا۔ ان حملوں میں131معصوم لوگوں کی جانیں گئیں جبکہ177لوگ زخمی بھی ہوئے۔ستمبر 2023میں دہشتگرد صدام حسین ہیڈکوارٹر ایف سی بلوچستان پر بھی حملے میں ملوث رہا۔ دہشت گرد صدام بلوچستان کے ضلع کیچ میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں اور ضلع میں نوجوانوں کو دہشت گرد گروپوں میں شامل کرنے کے حوالے سے اہم کردار تھا۔وہ معصوم نوجوانوں کو نام نہاد آزادی بلوچستان کے ایجنڈے کے تحت ورغلا کر دہشت گردانہ کارروائیوں کا حصہ بناتا تھا۔