کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈ یئر ( ر) خالد سجاد کھوکھر کے دور صدارت میں فیڈریشن کے چھٹے سکریٹری جنرل سید حیدر حسین بھی فارغ ہوگئے۔ فیڈریشن سربراہ کے مطابق حیدر حسین نےاستعفیٰ دے دیا ہے، جو انہوں نے قبول کرلیا ہے، جلد عارضی سکریٹری کی تقرری کی جائے گی۔ دوسری جانب حیدر حسین کا کہنا ہے کہ مستعفی نہیں ہوا، میڈیا اور سوشل میڈیا سے اس کی اطلاع ملی ہے، بدستور عہدے پر کام کررہا ہوں۔کوئی غیر آئینی قدم اٹھایا گیا تو قانونی کارروائی کروں گا۔ فیڈریشن میں کرپشن کرنے والوں کو بچانے کی کوشش کی گئی تو کئی چہرے بے نقاب کر دئیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ خالد کھوکھر 2015 سے بطور پی ایچ ایف صدر کام کررہے ہیں، ان کے دور میں رانا مجاہد، آصف باجوہ، شہباز احمد، ایا ز محمود، سعید خان سکریٹری کے عہدے سے ہٹائے جاچکے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان اولمپک فورم کے ترجمان نے مطالبہ کیا ہے پی ایچ ایف کے تمام عہدے داروں کو فارغ کر کے نئے انتخابات کرائے جائیں۔