کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت فلسطین کے معاملے پر خاموش نہیں رہ سکتی،آواز اٹھانا پڑے گی‘ ایک شخص کی واپسی کیلئے انتخابات اور آئین کو روک دیا گیا‘ یہ واپسی دیر آید درست آید ہے‘ثابت ہوگیا پاکستان کو لندن سے نہیں چلایا جاسکتا ‘عوام کے درمیان موجودگی ضروری ہے ۔الیکشن کمیشن فوری پولنگ کی تاریخ دے‘سلیکشن کی سیاست نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے‘ زرداری پر تنقید کرنے والے آج سی پیک کا کریڈٹ لینے کی کوشش کررہے ہیں ۔بلاول بھٹو نےنواز شریف کا نام لئے بغیر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی وسائل سے استقبال بھی کامیاب ہوجائے گا‘جنہوںنے آئین توڑا قومی سلامتی اور اداروں پر حملہ کیا ان کو سزا ملنی چاہیے، موجودہ قومی مسائل کا حل اتحاد سے ممکن ہے‘الزام تراشی ‘نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست کو چھوڑنا ہوگا ‘ ملک کو نہ تیرا نہ میرا بلکہ ہم سب کا پاکستان کے تحت چلانا ہوگا‘الیکشن میں تاخیر ووٹ کی عزت نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزاپنے بیان اور سانحہ کارساز کی 16ویں برسی کے موقع پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔