اسلام آباد،لاہور(نمائندہ جنگ… نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور جے یو آئی (ف) کےسربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کو وطن واپسی پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید،تلخیاں بھلا کر مفاہمت سے کام لینا ہوگا، کوئی بھی جبر و تسلط کسی محب وطن کو ملک آنے سے نہیں روک سکتا،امید ہے نواز شریف سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ شجاعت حسین نے کہا نواز شریف کو عوام مہنگائی کے عذاب سے نجات دلانے اور قومی معیشت کی بحالی پر سب سے زیادہ توجہ دیں، اس کے بغیر ملک غیر مستحکم رہے گا۔ ہفتے کو جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے شجاعت نے میاں نواز شریف کی واپسی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ان کی واپسی سے سیاسی منظر نامہ یکسر بدل گیا ہے ، پاکستانی عوام کی میاں نواز شریف سے بہت اچھی امیدیں وابستہ ہیں ، ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر عوام کے مسائل کے حل کیلئے بھر پور صلاحیتوں کو استعمال کیا جائے، ملک کو انتقامی سیاست نہیں، مضبوط معیشت اور قومی مفاہمت کی ضرورت ہے، انتقام کی بجائے مفاہمت کی پالیسی کو اپنایا جائے تاکہ ملک کی سیاست میں شائستگی کو جگہ مل سکے۔انہوں نے مزیدکہا کہ ملک کو آگے لے جانے کیلئے لوگوں کو ریلیف فراہم کرنا اور قومی مفادات کا تحفظ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو وطن واپسی پر خوش آمدید کہتے ہیں ،آپ کو معیشت کی بحالی،بیروزگاری،مہنگائی ختم کرنے کیلئے سخت محنت کرنا پڑے گی ،کوئی بھی جبر و تسلط کسی محب وطن کو ملک آنے سے نہیں روک سکتا۔ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ کوئی کتنا بھی جبر و تسلط کرلے اس کا اثر زیادہ دیر تک نہیں رہتا۔