اسلام آباد (صالح ظافر) سابق وزیر اعظم اور قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) نواز شریف کل (منگل) کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے اور اپنی عبوری ضمانت کی تصدیق، جو گزشتہ ہفتے منظور کی گئی تھی اور کل ختم ہو رہی ہے، کے ساتھ العزیزیہ اور ایون فیلڈ کیسز میں اپنی زیر التواء لیکن معطل اپیلوں کی بحالی کے لیے اپنی درخواستیں جمع کرائیں گے ۔ وہ اسی روز توشہ خانہ کیس میں ضمانت کے لیے الگ سے احتساب عدالت میں بھی پیش ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے باخبر ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ نواز شریف خود ساختہ جلاوطنی سے واپسی کے بعد پہلا ہفتہ مصروف گزاریں گے۔ وہ آج (پیر) کو نتھیا گلی پہنچ رہے ہیں جہاں سے وہ عدالتوں میں پیشی کے لیے اسلام آباد روانہ ہوں گے۔نواز شریف، جن کا اسلام آباد میں کوئی ذاتی گھر نہیں، وہ یہاں مارگلہ روڈ پر واقع اپنے دوست کے گھر میں قیام کریں گے۔ وہ وفاقی دارالحکومت میں تین روز قیام کریں گے۔ ایک بڑے سیاسی فیصلے میں مسلم لیگ (ن) نے اپنی پارٹی کے رہنما سے کہا ہے کہ وہ پی پی پی کے ساتھ کسی بھی قسم کے تصادم سے گریز کریں اگر چہ اس کے رہنما نے مسلم لیگ (ن) کے وفادار رہنماؤں پر سامنے سے وار کیا ہے۔ نواز شریف مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کر کے ان کی ساس کے انتقال پر تعزیت کریں گے اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے ان کے جواں سال بیٹے کی حادثاتی موت پر تعزیت کریں گے۔ سابق وزیراعظم اسلام آباد میں قیام کے دوران دیگر سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔پی ڈی ایم کے سابق اتحادیوں نے نواز شریف سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے اور وہ آنے والے دنوں میں ان سے الگ ملاقات کریں گے۔