کراچی ( نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) رانا مجاہد علی خان ایک بار پھر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری منتخب ہوگئے۔ ان کا انتخاب بدھ کو لاہور میں فیڈریشن کی کانگریس کا اجلاس میں بلامقابلہ ہوا۔ کرنل (ر) آصف ناز کھوکھر کوایسوسی ایٹ سکریٹری منتخب کیا گیا۔تاہم اس کے ساتھ ہی نیا تنازع پیدا ہوگیا ہے۔کانگریس اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ سابق سیکرٹری نے استعفے دیا جسے منظور کرلیا، قومی ٹیم کیلئے غیر ملکی کوچ بھی لارہے ہیں۔ مالی مشکلات کے باوجود پرولیگ میں ٹیم کو بھجوائیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس کا اجلاس بلانا قائم مقام سیکرٹری کا اختیار ہے۔ دریں اثنا سید حیدر حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بدستور سکریٹری ہیں۔ کانگریس اجلاس غیر آئینی ہے، غیر متعلقہ افراد کو بلا کر کورم پورا کیا گیا، قانونی راستہ اختیار کریں گے، پی او اے، پی ایس بی، انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کو میل بھیج دی ہے۔ ادھر عہدہ سنبھالنے کے بعد جنگ سے بات چیت میں رانا مجاہد علی خان نے کہا ہے کسی سے انتقام نہیں لیا جائے گا، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ جلد کراچی آکر سابق اولمپئنز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے، ان کی خدمات سے فائدہ اٹھائیں گے، مالی مشکلات کا سامنا ہے، ہاکی کو بہتر پوزیشن پر لانے کیلئے نجی اداروں کے پاس جائیں گے۔