پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (پی ڈی سی اے) کا ہنگامی اجلاس صدر اصغر علی خان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں جنرل سیکرٹری حنیف شاہ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے خصوصاً پشاور میں قومی اور بین الاقوامی کرکٹ میچ نہ کرانے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ پشاور ٹیسٹ سنٹر ہونے کے باوجود قومی اور بین الاقوامی میچوں سے محروم ہے جو نا انصافی اور زیادتی ہے، دو سٹیڈیمز کئی سالوں سے بند پڑے ہیں جس کی وجہ سے پشاور کے کرکٹرز معیاری گراؤنڈ سے مستفید نہیں ہو رہے۔ شرکاء نے کہا کہ عام گراؤنڈ پر کھیلنے کے باعث کئی قومی اور بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑی زخمی ہوچکے ہیں علاوہ ازیں صوبے کے عوام پی ایس ایل اور بین الاقوامی میچ دیکھنے کے لئے کئی سالوں سے ترس رہے ہیں عوام میں بھی میچ نہ ہونے کی وجہ سے تشویش پائی جاتی ہے۔ اجلاس میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ پشاور کے گراؤنڈز پر کام تیز کیا جائے۔