راولپنڈی (وسیم اختر،نمائندہ جنگ) 9مئی کے پرتشدد واقعات پر پی ٹی آئی چیئرمین سے تفتیش کرنے کے لئے گوجرانوالہ اور میانوالی پولیس کی ٹیمیں بھی سینٹرل جیل راولپنڈی پہنچ گئیں۔ گوجرانوالہ پولیس نے سینٹرل جیل راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین سے تفتیش کی۔ جبکہ انہوں نے میانوالی پولیس سے تعاون نہ کیا۔ جیل ذرائع کے مطابق ہفتہ کو تھانہ کینٹ گوجرانوالہ کی تفتیشی ٹیم انسپکٹر طاہر کی سربراہی میں اڈیالہ جیل آئی جہاں تفتیشی ٹیم نے9 مئی کو ہونے والے واقعات کے حوالے سے گوجرانوالہ میں درج مقدمات بارے عمران خان اور شاہ محمود قریشی سے الگ الگ تفتیش کی۔ ایس پی شوکت کی سربراہی میں میانوالی پولیس کی ٹیم بھی اڈیالہ جیل پہنچی جس میں 6 انسپکٹرز بھی شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے میانوالی پولیس ٹیم کے سوالات کے جواب دینے سے انکار کردیا۔