اسلام آباد (قاسم عباسی) دی نیوز کو معلوم ہوا ہے کہ فوجی حکام کی مدد سے حکومت نے پاکستان میں کام کرنے والی 150 سے زائد سروگیٹ بیٹنگ کمپنیوں (جوا اور سٹے بازی وغیرہ کی تشہیر کرنے والی کمپنیاں) کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے جو ملکی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا رہی ہیں۔ یہ کمپنیاں خاص طور پر کرکٹ پر جوا کھیلنے اور سٹے بازی کی سرگرمیوں کو بڑھاتی ہیں اور اپنی کارروائیاں پاکستان میں قابل رسائی آن لائن ویب سائٹس اور موبائل ایپلیکیشنز کے ذریعے کرتی ہیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ جوا اور سٹہ کھیلنے والی ان کمپنیوں کو ختم کرنے کے لیے تمام ادارے ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ متحد ہیں۔