کراچی (اسٹاف رپورٹر )سعود آباد میں گزشتہ روز پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے چاروں ڈاکوں کی شناخت کر لی گئی، دو کا تعلق افغانستان اور ایک کا کوئٹہ سے ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت اختر گل، قمرالدین، حیدرخان اور محمد داد کے ناموں سے کی گئی ہے۔ اختر گل اور محمد داد کا تعلق افغانستان ،حیدر خان کا کوئٹہ جبکہ قمرالدین کا کراچی کے علاقے قائد آباد سے ہے۔اختر گل اور محمد داڈ کراچی میں افغان کیمپ اور ملیر اللہ والا ٹاؤن کے رہائشی تھے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کا کرمنل ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔ایس ایچ او محمد علی نے بتایا کہ ملزمان نے سال 2022میں بلوچ کالونی کے علاقے میں واقع بنگلے سے 65لاکھ روپے نقد،50 تولے سونا،ڈھائی لاکھ روپے مالیت کے پرائز بانڈ اور ایک نائن ایم ایم پستول چھینا تھا،مذکورہ پستول پولیس نے ملزمان سے برآمد کر لیا ہے۔ملزمان سے 32 موبائل فون، مسروقہ سامان، اسلحہ اور موٹرسائیکلیں برآمد کی گئی تھیں۔