بنگلورو(عبدالماجدبھٹی) ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایک اہم اور مشکل میچ پاکستان ٹیم کا منتظر ہے۔ ہفتے کو پاکستانی ٹیم اپنا آٹھواں میچ نیوزی لینڈ کے خلا ف چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ پاکستان ٹیم کرناٹک کے ہیڈ کوارٹر بنگلورو پہنچ گئی ہے۔ پاکستان کو اس گراؤنڈ پر آسٹریلیا سے یکطرفہ شکست ہوئی تھی۔ کیوی ٹیم زبردست فارم میں ہے پاکستان کو فتح کے ساتھ نیٹ رن ریٹ بھی بہتر بنانا ہوگا ۔ گرین شرٹس کے چھ پوائنٹس ہیں اور نیٹ رن ریٹ افغانستان اور سری لنکا سے بہتر ہے۔ پاکستان کو سیمی فائنل تک کوالیفائی کرنے کے نہ صرف اپنے اگلے دو میچوں میں فتوحات حاصل کرنی ہیں بلکہ دیگر ٹیموں کے میچوں کے نتائج اپنے حق میں آنے کی امید رکھنی ہے ۔ پاکستان ٹیم آخری گروپ میچ 11 نومبر کو ایڈن گارڈنز میں انگلینڈ کیخلاف کھیلے گی۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی آئندہ میچز میں شکست کیلئے بھی دعائیں کرنی ہیں کیونکہ اسی صورت میں پاکستان کی ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی ممکن ہوگی۔ بنگلہ دیش سے فتح کے بعد کپتان بابر اعظم نے کہا کہ معلوم تھا اگر فخرزمان 20 سے 30 اوورز کھیل گیا تو آسانی سے جیت جائیں گے۔ ہم نے اچھا آغاز کیا جس کا فائدہ ہوا۔ چار مسلسل میچوں میں شکست کے بعد پاکستان نے بنگلہ دیش کو سات وکٹ سے شکست دی تھی۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر آ گیا ہے۔