لاہور (نمائندہ جنگ) جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی حماس رہنماؤں خالد مشعل اور اسماعیل ہانیہ سے قطر میں ملاقات ہوئی ہے،جس میں مسئلہ فلسطین پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔اس موقع پرحماس رہنما اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ ہتھیاروں سے بھرے جہاز تل ابیب پہنچ رہے ہیں، امت مسلمہ بھی فلسطینی بھائیوں کیلئے میدان میں نکلے۔ جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ فلسطینی قبلہ اول کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اسماعیل ہانیہ نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کا فرض ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم کیخلاف متحد ہوجائے۔ انھوں نےکہا کہ انسانی حقوق کے دعویدار ممالک ہتھیاروں سے بھرے جہاز لیکر تل ابیب پہنچ رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ امت مسلمہ بھی فلسطینی بھائیوں کی حمایت کیلئے میدان میں نکلے ، اپنی ماؤں بہنوں اور بھائیوں کی مدد کرے۔خالد مشعل نے نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین پر عرصہ دراز سے مظالم انسانی حقوق کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہے ،خالد مشعل، اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن پاکستان میں فلسطین کے سفیر کا کردار ادا کررہے ہیں۔