لاہور/ مری(نمائندگان جنگ) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الر حمٰن کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطین میں مظالم رکوانے میں کردار ادا کرے، حماس قیادت کو بتایا کہ پاکستان کا بچہ بچہ آپ کے ساتھ ہے، اگر ہم بھی امریکا کو سپرپاور سمجھتے ہیں تو احمق ہیں،امریکا، برطانیہ فلسطین میں اپنی فوجیں لے آیا ہے جس پر اسلامی دنیا کی بے حسی ناقبل قبول ہے،امریکا، مغربی دنیا بحری بیڑے لا کرحمایت کرسکتےہیں تو مسلمان برادری کو کیا سانپ سونگھ گیا ہے،الیکشن میں جے یو آئی ہی عوام کی امیدوں کی امنگ ہے وہ مری میں طوفان اقصی وآئین شریعت کانفرنس سے خطاب کررہے تھے کانفر نس سے جے یو آئی کے مر کزی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان، بزرگ عالم دین مولانا محمودالحسن مسعودی، حافظ نصیر احمد احرار۔ قاری سیف اللہ،مولانا ضیاء الرحمن امازائی،ارشد محمود عباسی،مولانا امتیاز کاشمیری،مولانا جمیل الرحمن ،مولانا عبد اللہ،مولانا سعید سروراور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ مولانا فضل الر حمٰن نے کہا کہ آج فلسطین پرصیہونی قوتیں حملے کررہی ہیں، بچوں اورخواتین پر بمباری کی جاری ہے، فلسطینی مسلمان بھائی ہیں، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، امت مسلمہ کا فرض ہے کہ فلسطین کی مدد کرے انھوں نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کردی ہے، ہم اپنی قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے حماس قیادت سے ملے، فلسطینیوں کی ہرفورم پر حمایت جاری رکھیں گے ، عالمی طاقتوں کو فلسطینی بچے اور خواتین نظر نہیں آرہے، امریکا کو فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی نظر نہیں آرہی، روس ، امریکا کے آنے پر افغان عوام نے ہتھیار اٹھائے اگر ہم بھی امریکا کو سپرپاور سمجھتے ہیں تو احمق ہیں ، انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہم نے بہت مشکلات کا سامنا کیا، ملک سے نظریاتی سیاست ختم ہوچکی ہے۔