غزہ، جنیوا (اے ایف پی، جنگ نیوز) اسرائیلی فوجی ٹینک اور متعدد فوجی اہلکار غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال کے اندر گھس گئے.
صیہونی فوجیوں کے اسپتال کے مختلف شعبوں پر حملے ، اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے سربراہ مارٹن گریفتھس نے کہا ہے کہ غزہ میں جاری انسانی بحران آئے روز بدتر ہوتا جارہا ہے .
غزہ میں جاری قتل عام روکا جائے ، انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر جنگ شمال میں حزب اللہ کی طرف جنگ بڑھی تو آنے والےدن مزید بدتر ہوں گے ،غزہ کا دورہ کرنے والی یونیسیف کی سربراہ کیتھرین رسل نے کہا ہے کہ انہوں نے دورے کے دوران خوفناک مناظر دیکھے ہیں.
انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ اس وحشت کو روکے، جو دیکھا اور سنا وہ شدید المناک ہے،غزہ میں لوگ مسلسل بمباری، نقصان اور نقل مکانی سے گزرے ہیں، اسرائیل بچوں کے خلاف سنگین خلاف ورزیاں کر رہاہے.
دوسری جانب اسرائیلی افواج کی غزہ کے مختلف علاقوں پر بمباری کے دوران مزید 200فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جس کے بعد شہداء کی مجموعی تعداد 11ہزار 500ہوگئی ہے ، شہداء میں 70فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں ، اس دوران ایک اور مسجد کو بھی شہید کردیا گیا ہے جبکہ جبالیہ اور نصیرت کے پناہ گزین کیمپوں پر بھی اسرائیلی طیاروں نے حملے جاری رکھے .
حماس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن اسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کے ذمہ دار ہیں، حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وائٹ ہاوس اور پینٹاگون نے اسرائیلی فوج کے جھوٹے دعوے کی توثیق کی کہ میڈیکل کمپلیکس کو عسکری مقاصد کیلئے استعمال کیا جارہا ہے ، یہ ان کی جانب سے اسپتال پر حملے کیلئے گرین لائٹ تھی، اسپتال میں ہتھیاروں کی موجودگی کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے .
حماس نے اسرائیلی افواج کی جانب سے اسپتال سے اسلحہ برآمد کرنے کے دعوے بھی مسترد کردیئے، امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ امریکا نے اسرائیلی فوج کو اسپتال یا اس کے اطراف حملوں کیلئے گرین سگنل نہیں دیا تھا ، ان حملوں کا فیصلہ اسرائیلی فوج کا اپنا تھا.
فرانسیسی وزارت خارجہ نے الشفاء اسپتال کے اندر اسرائیلی کارروائیوں پر "شدید تشویش" کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ فلسطینی آبادی کو حماس کے مظالم کی قیمت ادا نہیں کرنی چاہیے، ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے اسرائیل پرشدید تنقید کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام بند کرے.
اردن نے اسپتال پر اسرائیلی فوج کے حملے کو انسانی اور عالمی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے ،اردن کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر الزام عائد کیا ہے کہ اس کی خاموشی غزہ کے مرکزی ہسپتال پر اسرائیل کے حملے کو ہوا دے رہی ہے ہے.
اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے اسپتال میں صیہونی فوجیوں کے داخل ہونے کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں ایسا کوئی مقام نہیں جو ان کے فوجیوں کی جانب سے محفوظ رہ سکے، انہوں نے کہا کہ حماس کو کوئی محفوظ جگہ نہیں ملے گی .
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے کارروائیوں کے دوران دو مزید صیہونی ٹینکس اور ایک بلڈوزر تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے ، القسام نے اسرائیل کے کئی علاقوں پر راکٹ داغنے کی بھی ذمہ داری قبول کی ہے ۔