کراچی( اسٹاف رپورٹر) نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خلاف وزارت آئی پی سی اور پی ایس بی سے انکوائری رپورٹ طلب کرلی، بعض میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی ایچ ایف کے موجودہ صدر کے دور میں 80 کروڑ روپے کی مبینہ بدعنوانی سامنے آچکی ہے۔80 کروڑ روپے کیش نکلوائے گئے، جسکا کوئی حساب نہیں مل رہاقانون کیش نکلوانے کی اجازت نہیں دیتا،جبکہ سندھ بنک میں بھی اکاؤنٹ کھولا گیا جس پر اعتراضات سامنے آئے ہیں، جس پر پی ایچ ایف کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اکاوئنٹ ایک سابق سیکرٹری کے دور میں کھولا گیا تھا۔ادھر کے ایچ اے کے چیئرمین گل فراز خان نے کہا ہے کہ ابوذر امراؤ کبھی بھی کے ایچ اے کے خزانچی نہیں رہے، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کا ہر سال آڈٹ ہوتا ہے جس کی رپورٹ جلد میڈیا کے سامنے لائی جائے گی۔