لاہور(خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر ماحولیات بلال افضل نے چینی قونصل جنرل ژہو شائرن سے ان کے آفس میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ پنجاب خصوصاً لاہور میں سموگ کے تدارک کے لئے چین کے ماہرین ماحولیات کی خدمات سے استفادہ کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرچیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ افتخار علی سہو اور سیکرٹری ماحولیات راشد کمال الرحمان بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سموگ کے ایشو کے دیرپا حل کے لئے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس کے کے خاتمے کیلئے شارٹ و لانگ ٹرم حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سموگ پر قابو پانے کیلئے ہمیں چین کی حکومت کا تعاون درکار ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر لاہور کا ائیر کوالٹی انڈکس 400 کی خطرناک شرح پر چلا جاتا ہے تو اس کا شارٹ ٹرم حل مصنوعی بارش ہے۔ہم چینی قونصل جنرل کے تعاون سے چینی یونیورسٹیوں و ماحولیات کے اداروں کے ماہرین اور پنجاب کے محکمہ تحفظ ماحول کے درمیان قریبی رابطہ استوار کرنے کے کے خواہاں ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اگلے ایک ماہ تک سموگ ختم ہو جائے گا۔