کراچی( اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان شہباز احمد سنیئر ، آ صف باجوہ ،اور اولمپئین خالد حمید نے جمعرات کو لاہور میں ورلڈ کپ کے لئے لگائے گئےجونیئر ہاکی کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں کو کوچنگ ٹپس دیں، انہوں نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی ، کیمپ میں ان کی کار کردگی کا بھی جائزہ لیا۔ دریں اثناء قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے کوچ شکیل عباسی نے کہا ہے کہ جونیئر ورلڈ کپ مشکل ایونٹ ہے، ہماری پہلی کوشش ہوگی کہ وکٹری اسٹینڈ پر آئے،کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس کے ساتھ ان کی غلطیوں کو بھی دور کرنے پر توجہ دے رہے ہیں، ہیڈ کوچ ہیڈ کوچ رویلمنٹ آلثمٹنس نے ہمیں کوچنگ پلان بھیج دیا ہے جس کے مطابق قومی کوچنگ اسٹاف کھلاڑیوں کو ٹریننگ دے رہا ہے، انہوں نے کہا کہ جونیئر ورلڈ کپ میں سخت چیلنجوں کا سامنا ہوگا جس کے لئے ضروری ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل ہماری ٹیم کو ایک سے دو غیر ملکی ٹیم کے ساتھ مقابلے کا موقع مل جائے جس سے کھلاڑیوں کو تجربہ بھی ملے گا۔