پشاور(جنگ نیوز) پشاور کے نجی تعلیمی ادارے میں نعتیہ مقابلے کا اہتمام کیا گیا جس کی مہمانِ خصوصی معروف شاعرہ و سفرنامہ نگاربشریٰ فرخ جبکہ قدسیہ قدسی ‘فائزہ شہزاد ‘مشرف مبشر اور سلمیٰ سرفراز اعزازی بطور اعزاز مہمان شریک ہوئیں ۔تقریب کا آغاز زاہدہ یوسف نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔ سٹیج سیکرٹری کشف فاطمہ نے مقابلے کے اصول و ضوابط بیان کئے۔ مقابلہ دو مراحل میں ہوا پہلے مرحلے میں سکولوں اور دوسرے میں کالجز کی طالبات نے نعت خوانی کی ۔مقابلے میں آٹھ سکولوں اور 9کالجز نے حصہ لیا۔ سکول اور کالج کی سطح پر حوصلہ افزائی کے انعامات کے لئے دو دو طالبات کو منتخب کیا گیا۔ اول ‘دوم اور سوم آنے والی طالبات میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ بشریٰ فرخ نے رومانہ ‘شائستہ شیرین زینب ‘مناہل ‘خدیجہ ‘زنیرہ ‘ملیحہ ‘کنیز فاطمہ ‘خدیجۃ الکبری ‘سکینہ زہرہ اور عائشہ بتول کو عمدہ کارکردگی پر انعامات دئیے ۔پیٹرن ان چیف سلمیٰ سرفراز نے اعزازی مہمانوںکو شیلڈز پیش کیں ۔بشریٰ فرخ نے آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفےٰ ؐکے اسوۂ حسنہ پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور بچیوں کو حضور ؐکی سیرت و کردار کی پیروی کرنے پر زور دیا۔