• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن پر اعتماد ہے، شفاف انتخابات کرائے گا، آصف زرداری، بیان اہم ہے، مخالفین بھی جان چکے وزیراعظم نواز شریف ہوں گے، مریم اورنگزیب

کراچی / لاہور (اسٹاف رپورٹر / نیوز ایجنسیز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پر اعتماد ہے کہ وہ شفاف انتخابات کرائے گا، ملک کا ماحول انتخابات کیلئے سازگار  ہے ، ہم الیکشن کیلئے پوری طرح تیار ہیں، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ہر ماحول میں الیکشن لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے، 8؍ فروری کو اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئے گی۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کا بیان بہت اہم ہے مخالفین بھی جان چکے ہیں کہ وزیراعظم نواز شریف ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو اپنے ایم بیان میں سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک شفاف انتخابات کی طرف جا رہا ہے اور پیپلز پارٹی اس کے لیے پوری طرح تیار ہے مجھے الیکشن کمیشن پر پورا اعتماد ہے کہ وہ شفاف الیکشن کروائے گاپیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ہر طرح کے ماحول میں الیکشن لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہےمجھے پورا یقین ہے کہ 8 فروری کو پیپلز پارٹی ملک کی اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا ماحول اس وقت انتخابات کے لیے سازگار ہے اور الیکشن وقت پر ہونے چاہیے۔ ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آئندہ الیکشن کی شفافیت سے متعلق آصف علی زرداری کے بیان کی تائید کردی ہے۔ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آصف زرداری کا بیان اہم ہے، ن لیگ اگلے الیکشن سے متعلق آصف زرداری کے بیان کی توثیق کرتی ہے۔ آصف زرداری اگلا الیکشن شفاف ہوتا دیکھ رہے ہیں انہیں الیکشن کمیشن پر بھی اعتماد ہے۔ مخالفین کو بھی نظر آرہا ہے کہ اگلا وزیراعظم نواز شریف ہوگا۔ 16ماہ کی کارکردگی سے متعلق بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ن لیگ ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ شہباز شریف نے تمام فیصلے کابینہ کی مشاورت سے کیے جس میں سب شامل تھے۔ دریں اثناء اتوار کو ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ میں مسلم لیگ (ن ) پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئےمریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں (ن) لیگ کی قیادت کو بد ترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا،بے روز گاری اور معاشی بدحالی کی ذمہ دار 2018ء میں بننے والی حکومت ہے،شریف خاندان پر بے بنیاد مقدمات بنائے گئے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنان تمام جھوٹے مقدمات میں سرخرو ہو رہے ہیں ،جب 2018ء میں ترقی کرتے پاکستان پر چیئرمین پی ٹی آئی کو ملک پر مسلط کیا گیا تو معاشی ترقی کا پہیہ رک گیا جس کا خمیازہ آج پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے ،شہباز شریف کو نیب کی عدالت میں صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ ہاؤسنگ مقدمہ میں گرفتار کر لیا گیا،ان کو بلایا کسی اور مقدمہ میں اور گرفتار کسی اور کیس میں کر لیا گیا، اسی طرح احد چیمہ کو بھی پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے میں شہباز شریف کے ویژن کو مکمل کرنے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں آصف علی زرداری سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایرانی سفیر کے ہمراہ قونصل جنرل حسن نوریان نے ملاقات کی آصف زرداری اور ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تجارتی تعلقات میں اضافے پر اتفاق کیا گیا اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔

اہم خبریں سے مزید