اسلام آباد(این این آئی)سپریم کورٹ کے جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ میری ذاتی رائے میں پرویز مشرف کی سزا والا فیصلہ موجود ہے، معطل نہیں ہوا، پرویز مشرف کیخلاف فیصلے کی صورت میں انکی پنشنز اور مراعات کا معاملہ اٹھے گا، چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا عدالت نے وقت دینا چھوڑ دیا ہے، آئندہ سماعت پر پرویز مشرف کے ورثا خود پیش ہوں یا بیان حلفی جمع کروائیں۔ منگل کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سابق صدر پرویز مشرف مرحوم کی سزا سے متعلق اپیلوں پر سماعت کی جس سلسلے میں سابق صدر کی طرف سے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دئیے۔ دوران سماعت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل سلمان صفدر سے کہا آپ کو پرویز مشرف نے خود وکیل مقررکیا تھا، چاہیں تواپیل کی پیروی کرسکتے ہیں اس پر سلمان صفدر نے کہا کہ مجھے ہدایات نہیں، اگر مزید ایک ہفتہ دے دیں تو میں اہلخانہ سے رابطے کی کوشش کرونگا۔