• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوید اکرم چیمہ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کا چارج سنبھال لیا، منیجر مقرر

کراچی (عبدالماجد بھٹی ) سینئر بیورو کریٹ نوید اکرم چیمہ نے پاکستان ٹیم کی باگ دوڑ سنبھال لی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ کے بعد ڈائریکٹر مکی آرتھراور کپتان بابر اعظم کے ساتھ ساری ٹیم انتظامیہ کو فارغ کردیا ہے ، ایک بھی کوچ اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ سکا۔ محمد حفیظ اور شان مسعود کے ساتھ ماضی میں ڈسپلن لاگو کرنے کے لئے شہرت رکھنے والے سابق چیف سیکریٹری پنجاب اور پبلک سروس کمیشن کے سابق سربراہ نوید اکرم چیمہ کو منیجر اور سابق انٹر نیشنل منصور رانا کو ان کا نائب مقرر کیا گیا ہے۔ نوید اکرم چیمہ نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئےکہا کہ سب کی دعاؤں کے نتیجے میں ایک بار پھر یہ بھاری ذمے داری دی گئی ہے، کوشش کروں گا اپنے تجربے کی بنیاد پر پاکستان اور پاکستان کرکٹ کی نیک نامی کے لئے خدمات انجام دوں۔ آسٹریلیا کا دورہ مشکل ضرور ہے لیکن کوشش ہوگی کہ ٹیم فائٹ کرے اور کرکٹ کے ذریعے قوم کو خوشیاں ملیں، پاکستانی کرکٹرز سے تفصیلی ملاقات ہوئی تھی ، امید ہے کہ ٹیم اچھے نتائج دے گی۔ اسلام آباد میں نوید اکرم چیمہ ، محمد حفیظ اور شان مسعود نے تربیتی کیمپ سے پہلے کھلاڑیوں سے خطاب کیا اور انہیں یاد دلایا کہ قوم کی نظریں آپ پر مرکوز ہیں۔ کیمپ کے آغاز سے قبل منیجر کی جانب سے کھلاڑیوں کے لئے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ نوید اکرم چیمہ2015کے ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے منیجر تھے ۔ شاہد اسلم کو اسسٹنٹ منیجر اور عبدالمجید کو فیلڈ نگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ پی سی بی کے جنرل منیجر میڈیا رضا راشد کو ایک بار پھر پاکستان ٹیم کا میڈیا منیجر مقرر کیا گیا ہے۔

اسپورٹس سے مزید