کراچی (اسٹاف رپورٹر) دورہ آسٹریلیا کیلئے پنڈی اسٹیڈیم میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چار روزہ تربیتی کیمپ میں اتوار کو دو روزہ میچ ختم ہوگیا اور اسی کے ساتھ پنڈی میں تربیتی کیمپ کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ کیمپ میں ڈائریکٹر اور ہیڈ کوچ محمد حفیظ کھلاڑیوں کو مسلسل سمجھاتے رہے۔ منگل کو کھلاڑی لاہور کی قومی اکیڈمی میں پریکٹس کریں گے۔ اوپنر امام الحق اور فاسٹ بولر فہیم اشرف نے شادی کی تقریبات کی وجہ سے پنڈی کے کیمپ میں پریکٹس میں حصہ نہیں لیا۔ سینیریومیچ کے دوسرے روز بیٹرز نے 237رنز بنائے جبکہ بولروں نے 51.3 اوورز کروائے۔ سرفراز احمد نے 43، محمد رضوان نے 25 ، عبداللہ شفیق نے 22 جبکہ سعود شکیل 81 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بولنگ میں حسن علی ، میرحمزہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ عمرگل نے فاسٹ بولروں جبکہ سعید اجمل نے اسپنرز کے ساتھ خصوصی نیٹ سیشن بھی کیے۔ قومی ٹیسٹ اسکواڈ 30نومبر کو لاہور سے براستہ دبئی، سڈنی روانہ ہوگا۔ دریں اثنا اسلام آباد میں آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے اتوا ر کو اپنی اہلیہ کے ساتھ پنڈی اسٹیڈیم میں پاکستانی کرکٹ کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے کرکٹ بھی کھیلی ۔ وہ شان مسعود، بابر اعظم ، شاہین آفریدی اور محمد رضوان سے بات چیت کرتے رہے۔ منیجر آپریشنز منصور رانا نے انہیں پاکستان کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی انہوں نے پاکستانی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔