اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین ایف بی آر ملک زبیر امجد ٹوانہ نے کہا ہے کہ پچیس لاکھ لوگ غیررجسٹرڈ ہیں۔ دس لاکھ بڑی ٹیکس چوری میں ملوث ہیں۔ ساڑھے چار لاکھ لوگوں کو نوٹسز بھیج دیئے گئے، ساڑھے پانچ لاکھ لوگوں کا ڈیٹا نادرا کے حوالے کردیا گیا۔ جس کا بجلی کا بل کم از کم ماہانہ پندرہ ہزار روپے ہے اس کو نوٹس بھیجیں گے۔ چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ میں بتایا کہ ساڑھے پانچ لاکھ لوگوں کا ڈیٹا نادرا کو دیا ہے۔ نادرا ڈیٹا کی چھان بین کر رہا ہے۔ جو لوگ نوٹس کا جواب نہیں دیں گے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ 30 روز میں نوٹس کا جواب نہ ملنے پر بجلی اور گیس کنکشنز کاٹ دیں گے اور موبائل سمز بلاک کردی جائے گی۔ رواں مالی سال 20 لاکھ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے اور ریٹرن فائلرز کی تعداد 70 لاکھ تک بڑھانےکا ہدف ہے۔