کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے یومِ پاکستان 23 مارچ کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 کی قرارداد نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک واضح سمت اور علیحدہ وطن کا تصور دیا، جس کی بنیاد پر پاکستان قائم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔انھوں نے کہا کہ پیر صاحب پگارا کی قیادت میں حر جماعت ہمیشہ ملک کی سرحدوں کے تحفظ اور قومی سلامتی کے لیے چوکس اور تیار رہی ہے۔ حر جماعت نے ہر دور میں پاکستان کے استحکام، دفاع اور سالمیت کے لیے اپنی خدمات اور قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یومِ پاکستان کے موقع پر ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور مضبوطی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور حر جماعت ہمیشہ کی طرح ملک کے دفاع اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔