کراچی (اسٹاف رپورٹر) موٹروے پولیس نے عیدالفطر کے اختتام پر ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی۔ترجمان نیشنل ہائی ویزاینڈ موٹروے پولیس کے مطابق عید کے بعد موٹرویز اور ہائی ویز پر ٹریفک کا دباؤ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے اور اس دباؤ کے پیش نظر موٹروے پولیس نے مسافروں کی سہولت اور تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کئے ہیں، لہٰذا ڈرائیور حضرات حکومت پاکستان کی کفایت شعاری مہم کے تحت مقرر کردہ نئی حدِ رفتار پر عمل درآمد یقینی بنائیں، موٹرویز پر کار، ایل ٹی وی کی حد رفتار 100 کلو میٹر، ایچ ٹی وی، پی ایس وی 90 کلومیٹر، ہائی ویز پر کار، ایل ٹی وی کی حد رفتار 80 کلومیٹر اور ایچ ٹی وی، پی ایس و ی کی حد رفتار 65 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔ ترجمان نے اپیل کی کہ ڈرائیور حضرات لین ڈسپلن، سیٹ بیلٹ اور محتاط ڈرائیونگ یقینی بنائیں اور سفر سے قبل ہیلپ لائن 130، FM 95 اورNHMP سے معلومات حاصل کریں۔