کراچی (اسٹاف رپورٹر) موٹروے پولیس نے اضافی کرائے کی مد میں وصول کیے گئے 60 لاکھ روپے سے زائد مسافروں کو واپس دلوادیے۔ ترجمان نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق زائد کرائے اور اوورلوڈنگ کے خلاف خصوصی مہم 15 مارچ سے جاری ہے، اس دوران موٹروے پولیس نے زائد کرائے کی مد میں وصول کی گئی 60لاکھ روپے سے زائد رقم مسافروں کو واپس دلوا دی، جب کہ کفایت شعاری و ایندھن کی بچت کے پیش نظر 12 مارچ سے نئی حدِ رفتار کی خلاف ورزی پر اب تک 24ہزار سے زائد اور مسافر گاڑیوں کے اوورلوڈنگ، اوور چارجنگ اور نامکمل سفری دستاویزات کی مد میں 22ہزار سے زائد چالان کیے جا چکے ہیں۔ ترجمان نے آگاہ کیا کہ شہری اپنی شکایات براہ راست موٹروے پولیس افسران، ہیلپ لائن 130 یا سوشل میڈیا ہینڈلNHMPofficial پر درج کروا سکتے ہیں۔