• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران اکیلا یزیدوں سے لڑ رہا ہے، سید صبغت اللہ شاہ پیر پگاڑا

پیرجوگوٹھ (نامہ نگار) حروں کے روحانی پیشوا پیر سید صبغت اللہ شاہ پیر پگاڑا نے کہا ہے کہ ایران کے بھائیوں کیلئے دعا کیا کریں جو اکیلا یزیدوں سے لڑ رہا ہے، ان کی عورتیں بچے شہید ہوگئے ہیں کوئی بھی ملک ایران کا ساتھ نہیں دے رہا جو اکیلا ہوتا ہے اس کے ساتھ میرا پروردگار ہوتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عیدالفطر کے موقع پر حرجماعت اور عقیدت مندوں کے اجتماع سے خطاب میں کیا،علاوہ ازیں عیدالفطر کا بہت بڑا اجتماع خانقاہ پیراں پگاڑاں میں ہوا جس کی امامت مرشد پیر آف پیر کوٹ پیر سید محبوب نبی نور گیلانی نے کی، عیدالفطر کی نماز میں پیرپگاڑا، سید محمد راشد شاہ، سید اسماعیل شاہ سمیت بڑی تعداد میں حرجماعت، عقیدت مندوں، مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی۔ پیرصاحب پگاڑا نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ موسمی تبدیلی کی وجہ سے زراعت بہت زیادہ نقصان میں جا رہی ہے، موسم ایسا ہے کہ سمجھ نہیں آتا کہ کون سی فصل کب لگائیں، اس لیے کاشتکار بہت نقصان سے دوچار ہیں، انہوں نے کہا کہ مال مویشی رکھیں جو سنت بھی ہے اور اس میں برکت بھی ہے، انہوں نے کہا کہ میں جماعت میں گیا بہت خوشی ہوئی جب پتا چلا کہ جماعت کی بچیاں پڑھ لکھ کر ڈاکٹر، انجنیئر، لیکچرر اور کئی پاک افواج میں اعلی عہدوں پر پہنچی ہیں، اپنی بیٹیوں کو تعلیم سے آراستہ کریں، اپنے بیٹوں کی صحبت اور تربیت پر توجہ دیں جو پڑھ لکھ سکتا ہے اس تعلیم دلائیں جو تعلیم میں کمزور ہے اسے ہنر سکھائیں کیونکہ ہنرمند انسان کبھی بھی بھوکا نہیں رہ سکتا، پڑھی لکھی عورت بچوں کی بہتر تربیت کرسکتی ہے۔
ملک بھر سے سے مزید