کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ شان مسعود پہلی مرتبہ کپتانی کر رہے ہیں، بابر اعظم ٹیم میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں، دونوں ساتھ ساتھ ہیں۔ ایک دوسرے کی مدد کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کے انفرادی اہداف ہوتے ہیں۔ پاکستان سے نکلتے وقت ہم ٹیم کے ہد ف بنا کر نکلے تھے، ہمارا آسٹریلیا میں ہدف اچھی کرکٹ کھیلنااور سیریز جیتنا ہے۔ جب آپ کرکٹ کھیلتے ہیں تو جو بھی رول دیا جائے آپ اس کے لیے تیار رہتے ہیں، رضوان اور مجھے جو بھی رول ملے گا اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ آخر ی سیریز کھیلنے والے ڈیوڈ وارنر کیلئے نیک خواہشات ہیں، کوشش کریں گے کہ ان کو جلد آؤٹ کریں۔ وہ پیر کو کینبرا میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی کنڈیشنز میں سخت چیلنج کیلیے تیار ہیں، سیریز کی تیاری کیلئے4روزہ میچ بہت اہمیت رکھتا ہے۔ کوشش ہے کہ پریکٹس میچ سے فائدہ اٹھائیں۔ آسٹریلیاٹاپ ٹیم ہے، کنڈیشنز بھی مشکل ہیں مگر ٹیسٹ سیریز میں کینگروز کا اچھا مقابلہ کریں گے۔ آسٹریلیا اپنے ملک میں ہمیشہ مشکل ٹیم رہی ہے، ہماری ٹیم بہت اچھی ہے ۔ بابر اعظم، عبداللہ شفیق، سعود شکیل اور سلمان علی آغا سے عمدہ کارکردگی کی امید ہے، بولنگ میں شاہین شاہ اور حسن علی شاندار کارکردگی دکھانے کے اہل ہیں۔ میر حمزہ، خرم شہزاد اور فہیم اشرف بھی ڈومیسٹک میں پرفارم کرتے ہوئے آئے ہیں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ کینبرا میں موسم اچھا ہے، چار روزہ میچ ہمارے لیے اہمیت رکھتا ہے، پرتھ ٹیسٹ کیلئے تیاری کر رہے ہیں، ہماری بیٹنگ اور فاسٹ بولنگ لائن اچھی ہے، پاکستان کے پاس شاہین شاہ اور حسن علی جیسے اچھے فاسٹ بولرز ہیں ،یہ نسیم شاہ کی کمی پوری کر سکتے ہیں۔ان کی مدد کے لئے خرم شہزاد، فہیم اشرف، میرحمزہ ہیں یہ تینوں ہمارے ڈومیسٹک کرکٹ کے آزمودہ بولر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یہاں کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔ آخری بار 2016 میں آسٹریلیا آیا تھا لیکن کرس گیل نے ایک بار اس گراؤنڈ پر زمبابوے کے خلاف ڈبل سنچری بنائی تھی وہ میچ دیکھا تھا۔