لاہور (ایجنسیاں) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ 8 فروری کو انتخابات کرانے کے سواکوئی راستہ نہیں ‘تمام جماعتوں کو کوشش کرنی چاہئے الیکشن متنازع نہ ہوں ورنہ سلیکشن کے نتیجے میں بننے والی حکومت ڈیلیور نہیں کر پائے گی‘.
الیکشن کمیشن نے ہر حال میں خود کو غیر جانبدار رکھنا ہے‘پاکستان ہم سب کا ہے کسی ایک جماعت کا نہیں‘سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ دیناہوگی ‘ اگر کسی کو زبردستی روکا جا رہا ہے تو وہ عدالتوں میں جائے۔
منگل کو لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز اشرف کا کہناتھاکہ ہمیں الیکشن کے انعقاد میں کوئی ابہام نہیں‘غیر ذمہ دارانہ بیان کسی صورت نہیں آنے چاہئیں ۔
صاف شفاف الیکشن کرانا نگراں حکومت کا کام ہے‘انہوں نے کہا کہ بشیر میمن کا بیان خود دیکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے کہا گیا کہاں پر کیسز بنا،بطور سیاسی کارکن کہتا ہوں کہ (ن) لیگ کی طرف سے اشاروں کنایوں میں باتیں کی جاتی ہیں جو مناسب نہیں۔