کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے سپر 8 مرحلے میں بدھ کے روز راولپنڈی، لاہور بلوز اور پشاور نے کامیابی حاصل کی۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پشاور نے ایبٹ آباد کو 21 رنز سے ہرادیا۔ پشاور نے4 وکٹ پر 195رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان نے 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 64، محمد حارث نے6 چوکے اور2 چھکوں کی مدد سے64 اور افتخار احمد نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے28 رنز بنائے۔ ناکام ٹیم 9 وکٹوں پر174 رنز بناسکی۔کامران غلام نے 67 اور آفاق احمد نے 61 رنز بنائے ۔ عباس آفریدی نے 17 رنزدے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ صاحبزداہ فرحان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں راولپنڈی نے لاہور وائٹس کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔ لاہور وائٹس نے 6 وکٹ پر146 رنز بنائے۔ زمان خان نے 23 رنز دے کر 3 اور جہانداد خان نے27 رنز دے کر 2وکٹیں حاصل کیں۔ راولپنڈی نے19.1 اوورز میں پانچ وکٹ پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں لاہور بلوز نے فاٹا کو 8 رنز سے ہرادیا۔ لاہور بلوز نے 4 وکٹ پر 153 رنز بنائے۔ حسین طلعت نے ناٹ آؤٹ 57 رنز دو چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے بنائے ۔ عمر صدیق نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے40 رنز بنائے۔ ناکام ٹیم 9 وکٹ پر145 رنز بناپائی۔ خوشدل شاہ نے54 رنز کی اننگز کھیلی ۔ نثار احمد نے 16 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں ۔