پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کے بزنس انکیوبیشن سنٹر کے ایم یو نے نجی کمپنیوں کے اشتراک سے پشاور میں پاکستان انوویٹیو روڈ شو کا انعقاد کیاجس کا مقصد صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں جدت اور کاروبار کو فروغ دینا تھا۔ شو میں کے ایم یومختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے فیکلٹی ممبران، سرمایہ کاروں اور طلباء وطالبات نے شرکت کی۔شو میں میڈیکل کمیونٹی کے اندر جدت اور کاروبار کے کلچر کو پروان چڑھانے کے لئے عزم ظاہر کیاگیا، شوان اقدامات کا حصہ ہے جس میں صوبے بھر میں میڈیکل کے طلباء کو بااختیار بنانے اور چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے تیار کیا جاتا ہے۔وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے ملک کے صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں جدت کے کلچر کو فروغ دینے کی مختلف سرکاری اور پرائیویٹ اداروں کی مشترکہ کوششوں کو سراہااور کہا کہ کے ایم یو طلباء کو اپنی کاروباری خواہشات کو تلاش کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ شو میں ملکی اور بین الاقوامی اداروں سے ایوارڈ وصول کنندگان نے اپنے تجربات بیان کئے۔ کئی اداروں نے اعلیٰ معیار کی خدمات کے ذریعے طلبا کو صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں ملازمت کے مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دی۔