لاہور(ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایسا حال آج تک نہیں دیکھا‘قوم جانناچاہتی ہے کہ 2018ء کے الیکشن میں کیاہواتھا؟ہم نے خود ملک کے ساتھ بڑی زیادتی کی ہے‘ شاید اس زیادتی کے ازالے کا اب وقت آرہا ہے‘ملک کو دوبارہ اسی جگہ پر لے کر جانا چاہیے جس کا ہمارا ملک مستحق ہے‘ہمیں اپنی ذات سے بالاتر ہو کر ملک کی خدمت کرنا ہو گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مرکزی پارٹی سیکرٹریٹ میں پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔نواز شریف نے کہا کہ دنیا بہت آگے چلی گئی ہے اور ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں‘ہمیں اس بات کا بھی افسوس کرنا چاہیے کہ ہم دنیا کے پست ترین ممالک کی فہرست میں شامل ہیں‘ ہم نے ملک کو خوشحالی کی ڈگر پر ڈالا‘ہمارے سیاسی مخالفین بھی حسد کرتے تھے کہ آئندہ ہونے والے انتخابات میں دوبارہ آرہے ہیں، 2018میں مسلم لیگ (ن) سویپ کرے گی، لیکن وہ سارا کچھ اپ اینڈ ڈاؤن ہو گیا ،یہ کیوں ہوا یہ سوال میں بار بار پوچھتاہوںکیونکہ آگے سے کوئی جواب نہیں آتا ،قوم بھی جاننا چاہتی ہے ایسا کیوں ہوا ،پاکستان کا حشر برپا ہو گیا، لوگ مہنگائی میں ساری کمائی کھو چکے ہیں،ان سے بجلی کا بل نہیں دیا جاتا ، سبزیاں ،دال خریدنے میںبھی مجبوری ہے ،یہ حال کبھی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا ‘ہمارے لئے سب سے زیادہ اہم ہماری قوم ہے ، قوم کے لئے اچھا وقت آئے گا تو سب کے لئے اچھا ہے‘خوشحال پاکستان بہت ہی ضروری ہے۔