پشاور (خصوصی نامہ نگار) آل یونیورسٹیز ایمپلائز فیڈریشن خیبر پختونخوا نے زرعی یونیورسٹی پشاور میں احتجاج دھرنا دیتے ہوئے زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے رویہ اور ہٹ دھرمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وائس چانسلر سے یونیورسٹی کو نجات دلائی جائے۔ احتجاج میں بڑی تعداد میں تمام جامعات کے ملازمین نے شرکت کی۔ فیڈریشن کے عہدیداران نے خطاب کرتے ہوئے جامعات کو حال ہی میں موصول ہونیوالا خط، جس میں پرو وائس چانسلرز کے اختیارات کو کم کرنے کی بات کی گئی ہے، کی مذمت کی اور کہا کہ جامعات ایکٹ جو انہی سیکرٹریز نے بنایا ہے اس میں پرو وائس چانسلرز کے اختیارات مکمل طور پر بیان کئے گئے ہیں لیکن اسکے بعد ایسے کسی بھی اقدام کی جس میں ایکٹ کو نظر انداز کیا گیا ہو، فیڈریشن اسکی مخالفت کریگی۔ فیڈریشن نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں ایک ماہ سے جاری ہڑتال کی بھی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد ایسوسی ایشن کیساتھ مذاکرات کر کے انکے مسائل حل کئے جائیں۔