• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بچوں کے اغواء اور تاوان کیلئے وارداتیں رُک نہ سکیں

آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ کے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد مختصر عرصے میں انقلابی اقدامات نےثابت کیا ہے کہ وہ سندھ پولیس کے لیے مسیحا بن کر آئے ہیں، جزاوسز ان کےعملی اقدامات سےپولیس اہلکاروں میں نہ صرف خوشی کی لہر دوڑگئی بلکہ ان کےحوصلے بھی بلند ہوگئے ہیں، اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ سندھ پولیس کے سابقہ آئی جیزنے اختیارات ہونے کے باوجود پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبودکے حوالے سے کوئی نمایاں قدم نہیں اٹھایا تھا۔محکمانہ ترقیوں کی بات کی جائے تو طویل عرصے سےترقی کے منتظر بیک وقت 567سب انسپکٹرز کو اگلے عہدے پر ترقی دینے کا کریڈٹ بھی آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ کے حصے میں آیا ہے۔

گزشتہ دنوں سینٹرل پولیس آفس اور گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹرز میں انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانیوالے سب انسپکٹرز کے اعزاز میں تقریب کا انعقادہوا،آئی جی سندھ تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، اس موقع پرآئی جی سندھ کی ہدایت پر پہلی مرتبہ ترقی پانے والے تمام سب انسپکٹرز کے اہل خانہ کوبھی مدعو کیا گیا تھا۔ پولیس ہیڈکوارٹرز گارڈن میں آئی جی سندھ کی آمد پر انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

اس موقع پر وہ یادگار شہداء پر گئے اور فاتحہ خوانی کی،آئی جی سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ،’’ آپ سب کو میری اور سندھ پولیس کی جانب سے عہدے میں ترقی مبارک ہو ترقی کا تمام تر کریڈٹ آپ کی محنت لگن اور محکمے کے ساتھ وفاداری کو جاتا ہے، یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ آپ کی خوشیوں میں آ پ کے والدین, اہل خانہ اور دوست احباب بھی موجود ہیں۔

ترقی پانیوالے تمام انسپکٹرز اور ان کے اہل خانہ کے لیے خوشیوں کے یہ لمحات ہمیشہ یادگار رہیں گے۔ یاد ر رکھیں کہ، اللہ نے آپ کو عہدہ دیاہے تو اس کی ذمہ داریوں کو اچھے طریقے سے ادا کرنا بھی آپ پر فرض ہے،ا گرذمہ داریاں اچھے طریقے سے انجام دیں گے تو آپ کی اور محکمے کی عزت میں اضافہ ہوگا۔ اللہ نے آپ پر کرم کیا ہے اس کاشکر زیادہ سے زیادہ خدمت انسانیت کرکے ادا کریں۔ آئی جی نے مزید کہا کہ، ہم دن رات کوشش کررہے ہیں کہ اپنے عوام اور اداروں کے لیے کچھ کریں اس ضمن میں سب سے پہلے ہم نے آغاز اپنے ہی گھر سے کیا ہے اور اپنے گھر میں بہتری لانے کی کوشش کی ہے۔ اگلے مرحلے میں ڈی ایس پیز،ایس ایس پیز کے پر موشن کیئے جائیں گے۔ 

آئی جی سندھ ترقی پانے والے پولیس افسر کو رینک لگا رہے ہیں
آئی جی سندھ ترقی پانے والے پولیس افسر کو رینک لگا رہے ہیں

آئندہ سے پر موشن کا عمل کوارٹرلی بنیاد پر کریں گے، محکمانہ ترقی آپ کا حق ہے اور اس بارے میں حکم بھی ہے کہ حقدار کو اس کاحق دو،ان کا کہنا تھا کہ انسپکٹرز کی مزید خالی اسامیوں پر بھی کام شروع کردیا گیا ہے‘‘۔ اس موقع پر آئی جی سندھ نے ترقی پانے والے انسپکٹرز کورینک بھی لگائے، یہاں یہ بات بھی قابل ذکرہے کہ دوران تقریب ترقی پانیوالے تمام انسپکٹرز اور ان کے اہل خانہ نے آئی جی سندھ کے لیے دعائیں کیں، اس موقع پرآئی جی سندھ تقریب میں گھل مل گئے۔ 

واضح رہے کہ ترقی پانے والوں میں چند سب انسپکٹر پولیس روایتی حربوں کا شکار تھے جوسب انسپکٹرزکے عہدے پر ریٹائرمنٹ کےنزدیک تھے ان کی اور ان کے اہلخانہ کی اس لمحےخوشیاں دیدنی تھی ۔ آئی جی سندھ کی نئی ویلفیئر پالیسی پرعمل درآمد شروع کرتےہوئے ہیڈ کانسٹیبل سلیم کو شادی والے دن ایک لاکھ روپے ویڈنگ گفٹ کا چیک دیا گیا،آئی جی سندھ کی نئی ویلفیئر پالیسی کے مطابق پولیس ملازمین کے بچوں کو شادی والے روز جبکہ بچیوں کو7 روز قبل ویڈنگ گفٹ دینے کی ہدایت کر کے نئی روایت قائم کی۔سندھی ثقافتی دن کی مناسبت سے سینٹرل پولیس آفس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ 

اس موقع پر صوفیانہ کلام، لوک گیتوں سے فنکاروں نے وطن، اس دھرتی اور اس کے بہادر سپوتوں، شہداء اور اسلاف کو خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ، ’’سندھی ثقافت دنیا کی قدیم ترین ثقافتوں میں سے ایک ہے، صوفیوں کی اس سرزمین کو امن کی دھرتی کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے، سندھ اور سندھی ثقافت کا شمار اس دنیا کی قدیم ترین دھرتی اور ثقافت میں کیا جاتا ہے، اس ٹوپی اور اجرک کی لاج رکھنی ہے، لوگوں جان و مال کی حفاظت کرنی ہے اور ان میں احساس تحفظ کے شعور کو اجاگر کرنا ہے۔‘‘

کراچی میں تواتر سے آتشزدگی سے معصوم جانوں کےضیاع پر جہاں شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ انو سٹی گیشن پولیس کادعوی ہے کہ آر جے شاپنگ مال آتشزدگی کیس میں احسان دھونی اور معروف بلڈر عارف دھونی کے بیٹےکو گرفتار کرلیا گیا۔ لوگ ابھی آر جے شاپنگ میں کی خوفناک آتشزدگی کے صدمےسے نہیں نکلےتھے کہ جوہر آباد تھانے کی حدودفیڈرل بی ایریا عائشہ منزل کے قریب عرشی شاپنگ مال میں 15روز بعد دوسری بڑی اور خوفناک آگ5 قیمتی جانیں نگل گئی۔

کراچی میں بچوں کے اغوا اور پراسرار لاپتہ ہونے کے واقعات میں خطرناک اضافہ کسی المیے سےکم نہیں رواں سال میں دیگر جرائم کی طرح بچوں کے اغوا اور لاپتہ ہونے کے واقعات میں بھی اضافہ رہا ،اب تک 250 سے زائد بچوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

آئی جی سندھ، رفعت مختار راجا
 آئی جی سندھ، رفعت مختار راجا 

ذرائع کے مطابق رواں سال کے 11 ماہ کے دوران ایک ہزار 255 بچے لاپتہ ہوئے،لاپتہ بچوں میں 950 سے زائد بچے مل چکے ہیں، جبکہ250 سے زائد بچوں اور بچیوں کے والدین اب بھی اپنے جگر گوشوں کی تلاش میں سر گرداں ہیں ، ایک فلاحی ادارے کی رپورٹ کے مطابق نومولود سے پانچ سال کی عمر کے 15 بچے مبینہ طور پر اغواءہوئے،6 سے 10 سال کی عمر کے اغواءہونے والے بچوں کی تعداد 34 رہی، 11 سے 15 سال کی عمر کے 108 بچوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے، لاپتہ بچوں میں 200 بچے اور 50 سے زائد بچیاں شامل ہیں، ماہ ستمبر میں سب سے زیادہ 165 بچے اغوا اور لاپتہ ہوئے، بچوں کے لاپتہ ہونے کے سب سے زیادہ واقعات ضلع شرقی سے رپورٹ ہوئے، سال 2023 کے پہلے ماہ جنوری میں 98، فروری میں 112، مارچ میں 85 بچے گم ہوگئے،اپریل میں 48، مئی میں 91 ،جون میں 132 اور جولائی میں 122 بچے لاپتہ ہوئے،اگست میں 164، ستمبر میں 165،اکتوبر میں 130 جبکہ نومبر میں 100 سے زائد بچے اغواءاور لاپتہ ہوئے ہیں۔

شہر میں باوردی پولیس اہلکاروں کی اغوا برائے تاوان کی وارداتیں تھم سکیں اور نہ ہی بےلگام ڈاکوؤں کو نکیل ڈالی جاسکی ، لوٹ مار کی وار داتوں مزید شدت آگئی۔ باوردی پولیس اہلکاروں کی اغوا برائے تاوان کا شکار ہو نے والے متاثرہ شہری بابر کے مطابق مدینہ کالونی تھانے کے3 پولیس اہلکاروں نے اغوا کر کے3 لاکھ روپے تاوان طلب کیا، 3 لاکھ روپے نہ دینے پر اہلکار شہری کو تھانے لے گئے اور جھوٹا مقدمہ درج کر کے مجھ سے میری رقم بھی چھین لی گئی۔

متاثرہ شہری نے کارروائی کیلئے تھانے میں درخواست جمع کرا دی ہے ۔پولیس نے آئل کے ڈبو ں سے بھری گاڑی چھینے میں ملوث 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ ٹیپو سلطان انویسٹی گیشن پولیس نے بلوچ کالونی پل کے قریب سے 23 نومبرکو آئل کے ڈبوں سے لدی ہوئی سوزوکی پک اپ چھیننے کا معمہ حل کرتے ہوئے وارادت میں ملوث گارڈن ہیڈ کوارٹر میں تعینات 2 پولیس اہلکاروں اور سوزوکی کے ڈرائیور سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد انویسٹی گیشن پولیس نے سوزوکی کے ڈرائیور عمران پر شک کرتے ہوئے تفتیش کی تو اس نے خود ساختہ گاڑی چھین جانے کی واردات کا بھانڈا پھوڑ دیا، بعدازاں اس کی نشاندہی پرپولیس نے 2 پولیس اہلکاروں غالب اور نوید کے علاوہ تیسرے ملزم نادر کو بھی گرفتار کرلیا ، سوزوکی پک اپ پر بھاری مالیت کے آئل کے ڈبے لدے ہوئے تھے، پولیس تفتیش کر رہی ہے۔

عزیزآبادتھانے کی حدود بلاک 8 گلشن شمیم یاسین آبادقبرستان کے سامنے منگل کو دن دھاڑے مسلح موٹر سائیکل سوار م ملزمان نجی ٹی وی چینل کے ایل این ای شاہان مراد اوران کی اہلیہ کو اسلحے کے زور پرلوٹ کربآسانی فرار ہو گئے ، ملزمان اسلحے کے زور پر ان سے قیمتی موبائل فون ، نقدی اور اہلیہ سے طلا ئی چین لوٹ فرار ہوگئے۔ 

مسلح ڈاکو ملیر کالا بورڈ کے قریب شہری سے نقد رقم اور بیگ میں موجود قیمتی موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے، ،متاثرہ شہری کے مطا بق میری قائد آباد میں موبائل فونز کی د کان ہے، میں موٹر سائیکل پر قیمتی موبائل فون بیگ میں لیکر جارہا تھا کہ ملیر کالا بورڈ کے قریب مسلح ڈاکو موبائل فونز والابیگ چھین کر فرار ہوگئے ،جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ رقم چھینے جانے کی اطلاع نہیں ہے،جبکہ ملزمان شہری کا موبائل فون لیکر نہیں گئے۔

عزیز بھٹی تھانے کی حدود گلشن اقبال بلاک 13/C میں مسلح ڈاکو سعودی عرب میں ملازمت کرنے والے بیٹے کی جانب سے بھیجے گئے 4 ہزار امریکی ڈالر اس کے والد رکشہ سوار شہری عقیل احمد شیخ سے گھر کی دہلیز پرچھین کر فرار ہو گئے، واردات کا مقدمہ نمبر 944/2023 عزیز بھٹی پولیس نے درج کرلیا گیا ہے، مدعی کے مطابق میں ریٹائر ملازم ہوں، میرا بیٹا عدنان عقیل سعودب عرب میں مقیم ہے جس نے 4 ہزار ڈالر بینک کے ذریعے ٹرانسفر کئے جسے ڈھاکہ سوئٹ کے قریب نجی بنک برانچ سے لے کر رکشہ میں سوار ہو کر اپنے گھر جا رہا تھا کہ موٹرسائیکل سوار2ملزمان نے اسلحے کے زور پر رکشہ روکا اور 4 ہزار امریکی ڈالر چھین کر فرار ہوگئے۔ 

مدعی نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان کوسامنے آنے پرشناخت کرسکتا ہوں، مدعی کا کہناہے کہ میرا بیٹا بیرون ملک میں مقیم ہے جہاں محنت کرکے رقم بھیجتا ہے، اس شہر میں کوئی محفوظ نہیں ہے۔ ملیر سٹی تھانے کی حدودملیر جعفر طیارامامیہ امام بارگاہ کے قریب ڈکیتی مزاحمت کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے علامہ سید جواد حیدر زیدی زخمی ہوگئے، جنھیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

آئی جی سندھ راجہ رفعت مختار نے واردات میں علامہ کے زخمی ہونے کا نوٹس لیتے ہو ئے ڈی آئی جی ایسٹ کو ملزمان کو فوری گرفتار کر نے ہدایت کی، پولیس نے ان کابیان قلمبند کر لیا، پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر جواد حیدر کو ٹانگ پر گولی ماری جس سے وہ زخمی ہوگئے، مسلح ملزمان موبائل فون، نقدی سمیت دیگر اشیاء چھین کر فرار ہوگئے، فائرنگ میں نائن ایم ایم ہتھیار کا استعمال ہوا ہے۔

جرم و سزا سے مزید
جرم و سزا سے مزید