• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی بار کے سالانہ انتخابات، عامر نواز وڑائچ صدر، اختیار علی چنا جنرل سیکریٹری منتخب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 2024 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے تحت عامر نواز وڑائچ معروف وکیل نعیم قریشی کو شکست دیکر صدر منتخب ہوگئے ۔ نائب صدر کی نشست پر نصر اللہ جلبانی اور جنرل سیکرٹری کی نشست پر اختیار علی چنا کامیاب قرار پائے ۔ غیر حتمی نتائج سامنے آنے پر وکلا کی جانب سے سٹی کورٹ میں جشن مناتے ہوئے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سٹی کورٹ میں ہفتے کو کراچی بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کا انعقاد کیا گیا ۔ انتخابات سے قبل ہی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی تھیں ۔ سٹی کورٹ کی چاروں اضلاع کی عدالتوں میں 28 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے تھے جبکہ ہر پولنگ اسٹیشن میں 325 ووٹرز ووٹ کاسٹ کرسکتے تھے ، وکلا ووٹرز کی رجسٹرڈ تعداد 9 ہزار 142 تھی ۔غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق صدارت کی نشست پر مجموعی طور پر 3 امیدوار نعیم قریشی ، عامر نواز وڑائچ اور خالد ممتاز آمنے سامنے مدمقابل تھے جس میں سے عامر نواز وڑائچ سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے صدر منتخب ہوگئے ۔ اسی طرح نائب صدر کے لئیے پانچ امیدوار محمد ہاشم ، محمد جیوانی، نصیر خان، نصراللہ جلبانی اور شاہد علی میدان میں اترے جس میں سے نصراللہ جلبانی سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے نائب صدر منتخب ہوگئے ۔جنرل سیکرٹری کی نشست پر6 امیدوار نصر اللہ کورائی، آفتاب چنا، حسین بخش ساریو، اختیار علی چنا، محمد اشفاق اور انیس خانزادہ امیدان میں تھے جس میں سے اختیار علی چنا سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے ۔ جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر 3 امیدوار اکبر زمین، عمران عزیز اور جہانزیب مری مدمقابل ہوئے جس میں سے جہانزیب مری سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوگئے ۔ خازن کی نشست پر 5 امیدوار مظہر علی شیخ ، محمد عادل خان ، راحیل ، سمیع اللہ سیال اور شبانہ صادق کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں سے راحیل علی خان صمصام سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے خازن منتخب ہوئے ۔ لائیبریرین کے لئیے پانچ امیدوار آمنہ خان ، عامر علی بھٹو ، عزیز اللہ ، حنا کرن اور شیخ کاشف امجد میدان میں اترے جس میں سے شیخ کاشف امجد سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے ۔
اہم خبریں سے مزید