اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) پاکستان اور ایران کے درمیان تفتان بارڈر کے ذریعے دوطرفہ تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے اہم مذاکرات ہوئے، دونوں ملک ڈیٹا انٹرچینج کے ذریعے تجارت سے متعلق ڈیٹا کو شیئر کرنے پر بھی متفق ، ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے بدھ کی شام چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ سے اہم ملاقات کی اس موقع پر کہا کہا مال بردار ٹرکوں کو کوئٹہ تک آزادانہ آمدورفت کا سسٹم بننا چاہئے۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ اس تجویز پر عملدرآمد کی راہ میں درپیش قانونی رکاوٹیں موجود ہیں، ملاقات میں ایف بی آر کے نئے ممبر کسٹمز (آپریشنز) ڈاکٹر فرید اقبال قریشی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے تجویز کیا کہ مشترکہ سرحد پر تفتان کی جانب پارکنگ ایریا کی توسیع ہونی چاہئے تاکہ ایرانی ٹرکوں کو پارکنگ کی سہولت زیادہ مل سکے۔ انہوں نے ایرانی ٹرکوں کو کوئٹہ تک آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دینے کا بھی کہا۔