• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید بینظیر نے جھوٹی روایات توڑیں، نئے سماجی اقدار کی بنیاد رکھی، فریال تالپور

کراچی (جنگ نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت صرف ایک سیاسی ذمہ داری نہیں، بلکہ ایک ایسی قوم کے لئے امید کی کرن ہے جو ترقی، انصاف اور جمہوری اقدار کی تلاش میں ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فریال تالپور نے مزید کہا کہ ایک مسلم اکثریتی ملک کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون وزیراعظم کی حیثیت سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جھوٹی روایات کو توڑتے ہوئے نئے سماجی اقدار کی بنیاد رکھی اور پاکستان سمیت دنیا بھر کی خواتین کے لیے ایک لازوال میراث چھوڑی۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ویژن و دانش پر مبنی اصلاحت کے ایجنڈے کو آگے بڑھاکر ایک ایسے پاکستان کا تصور پیش کیا جس میں تمام شہریوں کے لیے ترقی، مساوات اور سماجی انصاف کو یکساں طور اپنایا جائے۔
اہم خبریں سے مزید