سکھر(بیورورپورٹ / چوہدری محمد ارشاد ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے تخت لاہور سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، لاہور کے عوام کے پاس چوائس ہونی چاہیے.
لاہور کے غریب عوام اس وقت لاوارث ہیں، لاہورمیں ہم مقابلہ کریں گے اور جیت کر بھی دکھائیں گے،ہم نہیں چاہتے پھر کوئی اور کھلاڑی آئے اور کسی بزدار کو پنجاب پر مسلط کردے، الیکشن منشور کے تحت میں جو وعدہ کر رہا ہوں وہ پورا کرکے دکھائیں گے، الیکشن کمیشن کو حکومت میں شامل مسلم لیگ (ن) کے گھر کے لوگوں کو فوری طور ہٹا دینا چاہیے،پی ٹی آئی کو مفاہمت کیلئے توبہ کرنا ہوگی ،قیادت کو اپنی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگنی چاہیے۔
سکھر میں محمد بخش مہر کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہا کہ 27دسمبر پر گڑھی خدابخش میں عوام کی بھرپور شرکت نے ثابت کردیا ہے کو وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے گڑھی خدا بخش سے انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے، 8فروری کو عوام ایک بڑا سرپرائز دیں گے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی پر اپنی جماعت کا 10نکاتی الیکشن منشور پیش کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی ہے۔