• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران، شاہ محمود کے کاغذات نامزدگی مسترد، نواز، بلاول، شہباز، مریم، جہانگیر ترین، سراج الحق کے منظور

لاہور، اسلام آباد، کراچی (نمائندگان جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی،اعظم خان سواتی، مراد سعید، زلفی بخاری، حماد اظہر، یاسمین راشد، علی محمد خان، محمد عاطف، قاسم سوری، اسد قیصر، علی امن گنڈا پور، شہریار آفریدی، پرویز الٰہی، مونس الٰہی، زرتاج گل، نعیم حیدر پنچوتھا، شہریار تراکئی، خرم کھوسہ، تیمور ظفر جھگڑا، جمشید چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، اسجد ملہی، باؤ رضوان، عنایت خٹک، عائشہ نذیر جٹ، عامر اللہ نیازی، شاہ محمود قریشی کے بیٹے بیٹی، عثمان ڈار کی والدہ، عمر ڈار کی اہلیہ و دیگر کے کاغذات مسترد جبکہ اختر مینگل، فواد چوہدری اور انکی اہلیہ حبا فواد ، ذوالفقار مرزا، فہمیدہ مرزا اور انکے بیٹے بھی الیکشن سے آؤٹ ہوگئے، اعجاز چوہدری ،جمشید دستی، شیخ رشید ، راشد شفیق، سبطین خان، دونوں بیٹےصنم جاوید ، کھر، بیگم کھر بھی انتخابی عمل سے باہر ہوگئے، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری،شریک چیئرمین آصف علی زرداری، سراج الحق، مریم نواز، فریال تالپور،چوہدری نثار، سعد رفیق، خواجہ آصف، جاوید ہاشمی، رانا مشہود، ابرار الحق،عثمان بزدار،جام کمال، یوسف رضا گیلانی، صادق سنجرانی، شفقت محمود کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے، بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے لاہور اور میانوالی سے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے، امیدوار ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف 3 جنوری تک اپیلیں دائر کرسکتے ہیں۔ لاہور سے بلاول بھٹو زرداری کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے، این اے 127کے ریٹرننگ آفیسر نے اعتراض پرفیصلہ دیدیا ہے، ن لیگ کے رہنما میاں نصیر نے لاہور کے حلقہ این اے 122 سے عمران خان کےکاغذات نامزدگی پر اعتراض کیا تھا۔میاں نصیرکا اعتراض تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے تجویزکنندہ اور تائیدکنندہ این اے 122 سے نہیں ہیں، وہ توشہ خانہ کیس میں نا اہل بھی ہیں اس لیے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے۔آر او نے گزشتہ روز کاغذات نامزدگی پر اعتراض پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کہ سنا دیا گیا ہے۔آر او کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سزا یافتہ ہیں۔این اے 122 سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے کاغذات نامزدگی منظور کیےگئے ہیں۔ این اے 122 سے تحریک انصاف کے رہنمالطیف کھوسہ اور اظہرصدیق ایڈووکیٹ کے بھی کاغذات نامزدگی منظور ہوئے ہیں۔این اے 89 میانوالی سے بھی بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کےکاغذات نامزدگی پر خرم روکھڑی اور خلیل الرحمان نے اعتراضات کیے تھے۔درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ اور نااہل ہیں۔آر او نے گزشتہ روزکاغذات نامزدگی سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کہ سنایا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے روپوش رہنما اعظم خان سواتی اور ذلفی بخاری کے قومی اسمبلی کی نشستوں کیلئے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے۔ زلفی بخاری کے کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی کی نشست این اے 50 اٹک سے مسترد ہوئے۔پی ٹی آئی رہنما ذلفی بخاری کا کہنا ہے کہ میرے کاغذات نامزدگی جعلی دستخط کا اعتراض لگا کر مسترد کیے گئے، میرے وکلا، تجویز کنندہ اور تائید کنندہ سمیت 6 افراد کو اغوا کیا گیا۔مانسہرہ سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 15سے پی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی کے کاغذات نامزدگی بھی ریٹرننگ افسر نے مسترد کر دیے۔ اعظم خان سواتی نے این اے 15 مانسہرہ سے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے مقابلے میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔اعظم سواتی کے وکیل سہیل سواتی ایڈووکیٹ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا اعظم خان سواتی کے کاغذات جعلی دسخط اور اشتہاری ہونے کے اعتراض پر مسترد کیے گئے، ریٹرننگ افسر کے فیصلے کےخلاف الیکشن ٹربیونل سے رجوع کریں گے۔نواز شریف کے وکیل جہانگیر جدون ایڈووکیٹ کا کہنا ہے اعظم سواتی کے کاغذات مسترد ہونے کا فیصلہ میرٹ پر ہوا، الیکشن لڑنے والے امیدوار کا ملک میں ہونا ضروری ہے، ہم نے یہاں تک کہا اعظم سواتی حاضر ہو جائیں اعتراضات واپس لے لینگے۔ مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے کاغذات نامزدگی لاہور اور سرگودھا کے تمام حلقوں سے منظور کر لیے گئے۔ مریم نواز نے پنجاب اسمبلی کے لاہور سے تین حلقوں پی پی 159، پی پی 160 اور پی پی 165 سے کاغذات جمع کروائے تھے جبکہ مریم نواز نے پنجاب اسمبلی کے سرگودھا سے ایک حلقے پی پی 80 سے بھی کاغذات جمع کروائے تھے۔ ترجمان مریم نواز کا کہنا ہے کہ پارٹی جن حلقوں سے فیصلہ کریگی مریم نواز وہاں سے الیکشن لڑیں گی۔ قبل ازیں سیالکوٹ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 70 سے عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار اور عمر ڈار کی اہلیہ اروبا ڈار کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد ہو گئے تھے۔بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل گروپ کے سربراہ سردار اختر مینگل کے قومی اسمبلی کی 2 اور ایک صوبائی اسمبلی کی نشست سے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے۔ خضدار سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 256 سے اختر مینگل کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے۔ آر او نے بتایاکہ بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 20 خضدار سے بھی اختر مینگل کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔ آر او کے مطابق اخترمینگل کے کاغذات اقامے کی وجہ سے مسترد کیے گئے۔ادھر کوئٹہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 264 سے بھی سردار اختر مینگل کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے۔ ریٹرنگ آفیسر کا کہنا تھاکہ اختر مینگل کے پاس متحدہ عرب امارات کا اقامہ ہونے پر کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے۔ خیال رہے کہ 2018 میں این اے 269 خضدار جو کہ اب (این اے 256) سے اختر مینگل جیت کر قومی اسمبلی کے رکن بنے تھے۔عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست کے لیے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے لاڑکانہ سے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔ لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 194 اور این اے 196 سے بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے جب کہ پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما اور آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 10 سے کاغذات منظور کرلیے گئے۔ اس کے علاوہ لاڑکانہ کے ہی حلقے این اے 194 سے جے یو آئی کے راشد محمود اور 196 سے جے یو آئی کے ناصر محمود کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے جن کا پی پی چیئرمین بلاول بھٹو سے الیکشن میں مقابلہ ہوگا۔ادرھ لاڑکانہ سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 11 اور پی ایس 12 سے جی ڈی اے کے امیدوار معظم عباسی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے جب کہ حلقہ این اے 195 سے جی ڈی اے کے صفدر عباسی کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔دوسری جانب بدین سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 223 سے جے ڈی اے کی امیدوار اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے جب کہ ان کے شوہر ذوالفقار مرزا اور ان کے صاحبزادے حسام مرزا کے این اے 223 سے کاغذات مسترد کردیے گئے ہیں۔بدین کے حلقہ این اے 223 سے پیپلز پارٹی کے رسول بخش چانڈیو امیدوار ہیں۔: قومی اسمبلی کے حلقے این اے 242 سے شہباز شریف کے کاغذات درست قرار دیے گئے۔ کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 242 ضلع کیماڑی سے شہبازشریف کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی اور ریٹرننگ افسر نے آج تک کے لیے شہباز شریف کے کاغذات پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔(ن) لیگ کے رہنما نہال ہاشمی کا کہنا ہےکہ ریٹرننگ افسر نے شہباز شریف کے کاغذات درست قرار دے دیے ہیں۔ علاوہ ازیں کراچی سے این اے 240 پر ارشد وہرہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے، فاروق ستار،علیم عادل شیخ ،علی محمد پلھ،صادق افتخار کے کاغذات منظورہوگئے۔

اہم خبریں سے مزید