کراچی، لاہور (اسٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) اپیلٹ ٹربیونل نے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود کی ملتان کے چار حلقوں سے نااہلی برقرار رکھی تاہم انکے بیٹے زین قریشی اوربیٹی مہر بانو کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی، الیکشن ٹریبونل نے فواد چوہدری کےکاغذات منظوری کا حکم واپس لے لیا اور اثاثے چھپانے پر انکی اہلیہ بھی نااہل ہوگئی۔اسد قیصر،تیمور جھگڑا،قیوم عباسی،میجر (ر) طاہر صادق،راجہ بشارت، خرم شیر زمان، عطا اللہ خان سمیت تحریک انصاف کے کئی امیدوار اہل قرار اور مریم نواز کے بھی کاغذات درست قرار دئیے گئے۔ سندھ ہائیکورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل نے شہبازشریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کیخلاف کی اپیل کی سماعت کی۔ الیکشن ٹریبونل نے شہبازشریف، الیکشن کمیشن، ریٹرننگ افسر اور دیگر کو 8 جنوری کیلئے نوٹس جاری کردیئے۔لاہور ہائیکورٹ میں قائم الیکشن ٹربیونل نے پی پی 80 سرگودھا سے ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف آنے والی اپیل خارج کر دی۔مہر طاہر نے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی منظوری کو چیلنج کیا تھا۔لاہور ہائیکورٹ الیکشن ٹربیونل کے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے جھنگ میں قومی اسمبلی حلقہ این اے108سے پی ٹی آئی امیدوار سابق وفاقی وزیر صاحبزادہ محمد محبوب سلطان کی ریٹرننگ افسر کیخلاف اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔ ملتان کے اپیلٹ ٹربیونل کے جج جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے فیصلہ سنایا جس میں انہوں نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی آر او کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف دائر اپیل مسترد کردی۔ شاہ محمود قریشی کی جانب سے این اے 150 ، 151 اور پی پی 218 ، پی پی 219 میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی اپیلیں دائرکی گئی تھیں جنہیں ٹربیونل نے مسترد کیا۔تاہم اپیلٹ ٹربیونل نے شاہ محمود کی بیٹی مہربانو اور بیٹے زین قریشی کی اپیلیں منظور کرلیں۔ الیکشن ٹریبونل نے فواد چوہدری کی اہلیہ حبافواد کے کاغذات نامزدگی کیخلاف اعتراضات درست قرار دیدیئے۔الیکشن ٹریبونل نے حبا فوادکو جہلم کے صوبائی حلقے سے نااہل قرار دے دیا۔الیکشن ٹریبونل میں پیش کیےگئے ریکارڈ کے مطابق حبا فواد نے 3 غیر ملکی دورے اور 9 بینک اکاؤنٹس چھپائے۔ایف آئی اے نے غیر ملکی دوروں اور اسٹیٹ بینک نے بینک اکاؤنٹس کا ریکارڈ پیش کیا۔اس موقع پر ٹریبونل نے حبا فواد کےکاغذات مسترد اور نااہل ہونے پر ان کے خاوند فواد چوہدری کو بھی طلب کرلیا اور ان سے این اے 60 اور 61 سے منظورکاغذات کا حکم نامہ واپس لے لیا گیا۔الیکشن ٹربیونل کا کہنا ہےکہ فواد چوہدری نے کاغذات میں اہلیہ کے بینک اکاؤنٹس اور غیر ملکی دورے چھپائے، کیوں نہ فواد چوہدری کو بھی حقائق چھپانے پر نااہل قرار دیا جائے۔ الیکشن ٹربیونل نے فواد چوہدری کو 9 جنوری کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے ریٹرننگ آفیسرز کے فیصلے کالعدم قراردیتے ہوئے صدر پاکستان عارف علوی کے صاحبزادے اواب علوی اور خرم شیر زمان کے این اے 241 سے کاغذات منظور کر لئے۔ ٹریبونل نے این اے 234 سے فہیم خان کے کاغذات منظور کر لئے، این اے 245 سے عطاء اللہ خان کے کاغذات منظور کئے گئے۔الیکشن ٹربیونل کے جج نے امیدواروں کی اپیلوں پر سماعت کے دوران ریمارکس میں کہا کہ ایسا لگ رہا ہے ریٹرننگ افسر نے شوقیہ کاغذات نامزدگی مسترد کیے کیونکہ مقدمات کی بنیاد پرکسی کو انتخابات لڑنے سے نہیں روکا جاسکتا۔ کراچی میں الیکشن ٹربیونل کے جج عدنان الکریم میمن نے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف امیدواروں کی اپیلوں پر سماعت کی جس میں ٹربیونل نے این اے 243 سے پی ٹی آئی امیدوار سبحان ساحل، این اے 242 سے پی ٹی آئی امیدوار امجد آفریدی، این اے 219 ہالہ سے پی ٹی آئی امیدوار مخدوم فضل اور پی ایس 113 سے پی ٹی آئی امیدوار حسنین چوہان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔الیکشن ٹربیونل نے پیپلزپارٹی کے رؤف احمد کی بھی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کیخلاف اپیل منظور کرلی جب کہ آزاد امیدوار رفیعہ حسن کو پی ایس 126 ، آزاد امیدوار فضا ذیشان کو این اے 237 اور پی ایس 98 ایسٹ سے آزاد امیدوار دیدار علی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔