اسلام آباد (فاروق اقدس) بنگلہ دیش میں آج (اتوار) عام انتخابات کیلئے ووٹنگ کا عمل شروع ہو رہا ہے ، اپوزیشن بائیکاٹ ، حسینہ واجد کیلئے پانچویں مرتبہ وزیراعظم بننے کی راہ ہموار، سابق فوجی صدر ضیاء الرحمٰن کی بیوہ خالدہ ضیاء نظر بند اور مجیب الرحمٰن کی صاحبزادی 15سال سے وزیراعظم ہیں ، بنگلہ دیش کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک حکومت کرنے والی 76 سالہ شیخ حسینہ واجد مسلسل چوتھی مرتبہ اور مجموعی طور پر پانچویں مرتبہ وزیراعظم بننے کی تیاری کر رہی ہیں۔ اس طرح ان کے اقتدار کا مجموعی دورانیہ 15 سال پر محیط ہے، ملک میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت بنگلہ نیشنلسٹ پارٹی (BNP)نے انتخابات کا بائیکاٹ کر دیا ہے جس کے سربراہ جلاوطن اپوزیشن لیڈر طارق رحمان ہیں جو بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کے صاحبزادے ہیں۔ اپنی پارٹی کی جانب سے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ اتوار کو بنگلہ دیش میں ہونے والے ’’انتخابی دھوکہ‘‘ ہیں اور یہ انتخابات خصوصی طور پر وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکمرانی کو مستحکم کرنے کیلئے ڈیزائن کئے گئے ہیں۔ بنگلہ دیش میں سیاسی اور انتخابی عمل کا جائزہ لینے والے تجزیہ نگار اور مبصرین کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے انتخابات کا بائیکاٹ کے فیصلے نے ایک بار شیخ حسینہ واجد کو وزیراعظم بننے کا موقعہ فراہم کردیا ہے۔