اسلام آباد (فارو ق اقدس/انتخابی جائزہ) اٹک، ایک ہی گھرانے کے 4 افراد کے کاغذات نامزدگی منظور،تعلق پی ٹی آئی سے ہے،تحریک انصاف نے ناانصافی اور مظلومیت کا طرزعمل اختیار ، امتیازی سلوک کی شکایت کرتی نظرآرہی ہے ،8فروری کو ہونے والے انتخابات کے حوالے سے کئی سیاسی جماعتیں انتخابی مہم اور بالخصوص کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے حوالے سے مسلسل الزامات اور احتجاج کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے اپنے ساتھ ناانصافی اور مظلومیت کا طرزعمل اختیار کرتے ہوئے امتیازی سلوک اور ’’لیول پلینگ فیلڈ‘‘ کی اصطلاح استعمال کرتے ہوئے حریف جماعتوں اور حکومت کو ہدف بھی بنایا ہوا ہے۔ ان میں سرفہرست پاکستان تحریک انصاف کے قائدین، رہنما اور درخواست دہندہ شامل ہیں، لیکن دوسری طرف تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی اور ان کے صاحبزادے زین قریشی کو بھی الیکشن ٹربیونل نے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے جبکہ ملک بھر سے پی ٹی آئی کے متعدد ارکان کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کی اطلاعات بھی آرہی ہیں اور بالخصوص یہاں یہ واقعہ بھی دلچسپی سے خالی نہ ہوگا کہ اٹک میں ایک ہی گھرانے سے فیملی کے جن چار افراد کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے ہیں ان کا تعلق تحریک انصاف سے ہے، قومی اور صوبائی حلقوں سے میجر (ر) طاہر صادق اور ان کی اہلیہ بیٹے اور بیٹی کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔ طاہر صادق کے این اے 50 اٹک ون سے اور حلقہ اٹک 2 سے ان کی بیٹی ایمان طاہر، صوبائی حلقہ پی پی 2 سے ناز طاہر اور بیٹے زین طاہر کے پی پی 3 سے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔