اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم نہ کرنے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا .
الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ میں جواب جمع کروا دیاجس میں کہا گیا ہے کہ تحریکِ انصاف کے قومی اسمبلی کے لیے 843 میں سے 598 کاغذاتِ نامزدگی منظورجبکہ 245 کاغذاتِ نامزدگی مسترد کیے گئے‘ صوبائی اسمبلیوں کے لیے پی ٹی آئی کے 1777میں 1398کاغذات نامزدگی منظور اور 379 کاغذات مسترد کیے گئے‘پی ٹی آئی امیدواروں 76.18فیصد کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے۔
سپریم کورٹ کے حکم پر پی ٹی آئی رہنماں سے ملاقات کی گئی، ملاقات میں تحریکِ انصاف کو بلاتفریق لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ۔ اپنے جواب میں الیکشن کمیشن نے استدعا کی ہے کہ عدالت پی ٹی آئی کی درخواست جرمانہ عائد کرتے ہوئے مسترد کرے۔
جواب میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے چاروں صوبوں کے آئی جیز کو ہدایات بھی جاری کی گئیں، 26دسمبر تک تحریکِ انصاف کی جانب سے ملک بھر میں 33شکایات درج کروائی گئیں۔
پی ٹی آئی کی شکایات پر اقدامات اور ہدایات کی تفصیلات بھی سپریم کورٹ کو فراہم کر دی گئی ہیں، پی ٹی آئی کی شکایات پر آئی جی، چیف سیکریٹری اور آر اوز نے عملدرآمد رپورٹس بھی جمع کروائیں، لیول پلیئنگ فراہم نہ کرنے کے الزامات کو آر اوز کی رپورٹ کے تناظر میں مسترد کرتے ہیں۔